Saturday , November 18 2017
Home / مذہبی صفحہ / روزہ دار کیلئے دو خوشیاں

روزہ دار کیلئے دو خوشیاں

مرسل : ابوزہیر نظامی

روزہ اسلام کا چوتھا رکن ہے‘ چونکہ اس میں کھانے پینے اور جماع سے تمام روز باز رہنا ہوتا ہے جو نفس پر زیادہ دشوار ہے اس لئے حکمت الٰہی مقتضی ہوئی کہ مکلف (عاقل و بالغ) پر پہلے خفیف تکلیف عائد کی جائے یعنی نماز پھر متوسط یعنی زکوٰۃ پھر زیادہ دشوار یعنی روزہ چنانچہ قرآن مجید میں اسی ترتیب کی طرف اشارہ ہے ۔
وَ الْخٰشِعِیْنَ وَ الْخٰشِِعٰتِ وَ الْمُتَصَدِّقِیْنَ وَ الْمُتَصَدِّقٰتِ وَ الصَّآئِمِیْنَ وَ الصّٰئِمٰتِ ( آیت ۳۵:سورہ احزاب ) (ترجمہ) اور خشوع (نماز ادا) کرنے والے مرد اور خشوع (نماز ادا) کرنے والی عورتیں اور صدقہ (زکوٰۃ) دینے والے مرد اور صدقہ (زکوٰۃ) دینے والی عورتیں اور روزہ رکھنے والے مرد اور روزہ رکھنے والی عورتیں ۔
اور حدیث شریف بھی ( جس میںارکان خمسہ اسلام کا ذکر ہے ) اسی ترتیب کی موید ہے ۔ ’’اِقَامَ الصَّلٰوۃِ وَ اِیْتَآئَ الزَّکٰوۃِ وَ صَوْمَ شَھْرِ رَمَضَانَ ‘‘ ۔ (ترجمہ) نماز کا پڑھنا اور زکوٰۃ کا دینا اورماہ رمضان کے روزے رکھنا ۔
اور ایک حدیث شریف میں ہے کہ حضرت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جہاں رمضان کی پہلی رات ہوئی شیاطین اور سرکش جِن جکڑ دیئے جاتے ہیں اور دوزخ کے دروازے بند کر دیئے جاتے ہیں۔ کوئی دروازہ اس کا کھلا نہیں رہتا اور جنت کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں کوئی دروازہ اس کا بند نہیں رہتا اور ایک منادی پکارتا ہے کہ اے طالب خیر! آگے بڑھ اوراے طالب شر ! رک جا ‘اور اللہ تعالیٰ لوگوں کو دوزخ سے آزاد کرتا ہے اور یہ ندا اور آزادی ہر رات ہوتی ہے ۔
حضرت رسول کریم ﷺنے فرمایا بنی آدم کے ہر نیک کام کا بدلہ دس سے سات سو تک دیا جاتا ہے مگر روزہ کہ اس کی نسبت اللہ پاک کاارشاد ہے کہ ’’ روزہ میرے لئے ہے پس میں ہی اس کی جزا دوں گا ۔ بندہ اپنی نفسانی خواہش اورکھانا ‘ پینا میری وجہ سے ترک کر دیتا ہے ‘‘ روزہ دار کیلئے دو خوشیاں ہیں ایک خوشی تو افطار کے وقت ہوتی ہے اور دوسری خوشی اس وقت ہوگی جب اپنے پروردگار سے ملے گا اور بے شک روزہ دار کے منہ کی بو اللہ کو مشک کی خوشبو سے زیادہ پسند ہے اور روزہ سپر ہے دوزخ سے بچاؤ کیلئے ۔ روزہ دار کو چاہئے کہ فحش کلام نہ کرے اور نہ کسی سے جھگڑے ‘اگر کوئی اس سے جھگڑا کرے تو کہہ دے ’’ انی صائم ‘‘ میں روزہ دار ہوں ۔     (نصاب اہل خدمات شرعیہ، حصہ پنجم)

TOPPOPULARRECENT