Wednesday , December 13 2017
Home / کھیل کی خبریں / روسی اتھلیٹس کی پہلی پرواز برازیل روانہ

روسی اتھلیٹس کی پہلی پرواز برازیل روانہ

ماسکو ، 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) روس کی اولمپک ٹیم کے 70 ارکان ریو اولمپکس میں شرکت کیلئے ماسکو سے برازیل کیلئے روانہ ہو گئے ہیں جبکہ ماباقی ڈوپنگ کی وجہ سے پابندی کے تحت گھر پر ہی رہیں گے۔ روس کی والی بال، ہینڈ بال، باکسنگ، سنکرونائزڈ سویمنگ اور ٹیبل ٹینس کی ٹیموں کو آج برازیل کیلئے روانہ کیا گیا۔ انسداد ڈوپنگ کے ادارے کا مطالبہ ہے کہ روس کی ان کھیلوں میں شرکت پر مکمل پابندی عائد کی جائے لیکن اولمپکس کی بین الاقوامی کمیٹی نے یہ فیصلہ انفرادی طور پر ہر کھیل کی اپنی فیڈریشن پر چھوڑا ہے۔ اولمپک کمیٹی کے فیصلے پر انسداد ڈوپنگ کے ادارے کے سربراہ اولیور نِگلی کی جانب سے شدید تنقید کی گئی۔ انھوں نے کہا کہ اس اقدام کا مطلب ہے کہ صاف ستھرا ریکارڈ والے اتھلیٹس کیلئے کوئی تحفظ نہیں ہے۔ روس کا ارادہ ہے کہ وہ اپنے کم از کم 387 اتھلیٹس ریو بھیجے گا۔ تاہم ان میں سے زائد از 100 پر اب تک ڈوپنگ کی وجہ سے پابندی عائد کی گئی ہے۔ ٹیموں سے نکالے جانے والے 68 میں سے 67 اتھلیٹس ہیں۔ بعض فیڈریشنز نے روسی کھلاڑیوں پر مکمل جبکہ بعض نے جزوی پابندی عائد کی ہے۔ تاہم بعض دیگر نے روسی کھلاڑیوں کو شرکت کی اجازت دے دی ہے۔ ابھی کئی کے بارے میں فیصلہ ہونا باقی ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پوتین کا کہنا ہے کہ روسی اتھلیٹس کونشانہ بنانے کیلئے جان بوجھ کر مہم چلائی گئی ہے۔ اور کہا کہ روسی حریفوں کی غیر موجودگی میں ریو میں جیتے جانے والے میڈلز اپنی قدر کھو دیں گے۔

TOPPOPULARRECENT