Tuesday , November 21 2017
Home / دنیا / روسی طیارہ کو حادثہ ‘ بم حملہ کا نتیجہ ۔ بلیک باکس ڈاٹا میں اشارہ

روسی طیارہ کو حادثہ ‘ بم حملہ کا نتیجہ ۔ بلیک باکس ڈاٹا میں اشارہ

قطعی اعلان سے روس اور مصر کا گریز ۔ تحقیقاتی عمل کو آگے بڑھانے کا امکان ۔ مصر کو روسی پروازیں روکدی گئیں
پیرس 7 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) گذشتہ ہفتے مصر میں حادثہ کا شکار ہونے والے روسی طیارہ کے بلیک باکس کا جو ڈاٹا ہے اس میں یہ اشارہ ملا ہے کہ اس طیارہ کو بم سے نشانہ بنایا گیا ہے ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ مصر کی جانب سے بھی اس طیارہ حادثہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے تاہم ابھی کوئی باضابطہ رپورٹ نہیں دی گئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ جب اس طیارہ نے مصر کے سیاحتی مقام شرم الشیخ سے سنٹ پیٹرسبرگ جانے کیلئے اڑان بھری تھی اس کے 24 منٹ بعد فلائیٹ ڈاٹا اور آواز کے ریکارڈرس نے کام کرنا بند کردیا تھا ۔ یہ طیارہ حادثہ کا شکار ہوکر جزیرہ نما سینائی میں گر پڑا تھا اور تمام 224 مسافرین ہلاک ہوگئے تھے ۔ مصر اور روس نے ابتداء میں داعش کے عسکریت پسندوں کے اس ادعا کو مسترد کردیا تھا کہ انہوں نے اس طیارہ کو مار گرایا ہے ۔ تاہم اب یہ شواہد بڑھتے جا رہے ہیں کہ اس طیارہ کو حملہ کا نشانہ بنایا گیا تھا ۔ ان شواہد کو دیکھتے ہوئے کئی ممالک نے اپنے شہریوں کو شرم الشیخ کا سفر کرنے سے روکنے کی تجویز تیار کی ہے ۔ روس میں کل ہی صدر ولادیمیر پوٹین نے حکم دیا تھا کہ مصر کیلئے تمام روسی پروازوں کو روک دیا جائے ۔

روس کا یہ حکم مصر کی پہلے ہی سے مشکلات کا شکار سیاحتی صنعت کیلئے مزید مشکلات پیدا کرسکتا ہے ۔ کریملن کے ترجمان ڈیمیٹری پسکوف نے میڈیا کو بتایا کہ اس اقدام کا مطلب یہ نہیں ہے کہ روس یہ تسلیم کرتا ہے کہ یہ حادثہ کسی حملہ کا نتیجہ تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملہ میں تحقیقات کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ یہ روس کی تاریخ کا بدترین ہوابازی سانحہ کہا جا رہا ہے ۔ روس کی ہنگامی وزارت کے سربراہ کا کہنا ہے روسی ماہرین نے حادثہ کا شکار طیارہ کے نمونے حاصل کرلئے ہیں اور یہ جائزہ لیا جا رہا ہے کہ آیا ان کو کسی طرح کے دھماکو مادے کے اجزا ملتے ہیں یا نہیں۔ تاہم تحقیقات سے قریبی تعلق رکھنے والے ذرائع کا کہنا ہے کہ بلیک باکس کا جو ڈاٹا ہے وہ اس نظریہ کی شدت سے حمایت کرتا ہے کہ طیارہ میں موجود بم کا دھماکہ ہونے کے نتیجہ میں طیارہ حادثہ کا شکار ہوا ہے ۔

پیرس میں ایک اور شخص کا کہنا ہے کہ طیارہ اچانک ہی حادثہ کا شکار ہوا ہے ۔ پرواز کے دوران سب کچھ معمول کے مطابق تھا اور اچانک ہی یہ حادثہ ہوگیا ۔ اس سے بھی حملہ کے نقطہ نظر کو تقویت ملتی ہے ۔ مصر کے ہوابازی کے وزیر حسام کمال اور مصری تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ کی جانب سے بہت جلد پریس کانفرنس منعقد کی جانے والی ہے جس میں اس حادثہ کی وجوہات پر روشنی ڈالی جائیگی ۔ مصر کے صدر عبدالفتح السیسی کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ السیسی نے صدر پوٹین سے فون پر بات کی ہے اور دونوں قائدین نے روسی طیاروں کیلئے سکیوریٹی اقدامات کو زیادہ سے زیادہ کرنے سے اتفاق کرلیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ روسی حکومت کی جانب سے پروازوں کو روکدینے کے احکام کی وجہ سے تقریبا 80 ہزار روسی سیاح مصر میں پھنسے ہیں ۔برطانیہ نے شرم الشیخ سے برطانیہ کیلئے پروازوں کو روک دیا تھا تاہم انہیں کل بحال کردیا گیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT