Tuesday , December 12 2017
Home / دنیا / روس کا دہشت گردی کے بڑے حملوں کو ناکام بنانے کا دعویٰ

روس کا دہشت گردی کے بڑے حملوں کو ناکام بنانے کا دعویٰ

ماسکو ۔ 5 مئی (سیاست ڈاٹ کام) روس کے سراغرساں ادارے ایف ایس بی نے شام اور ترکی میں فعال عالمی دہشت گرد تنظیموں کے متعدد حملوں کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ اس سلسلے میں متعدد مشتبہ افراد کو گرفتارکر لیا گیا ہے۔ روس کی سرکاری خبررساں ایجنسی ریا نووستی نے ایف ایس بی کے ایک بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ ”وسط ایشیا کے ممالک سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن کا ایک گروپ ماسکو کے علاقے میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کررہا تھا،اس گروپ کے متعدد مشتبہ ارکان کو گرفتار کر لیا گیا ہے”۔ ایف ایس بی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے یہ حملے مئی کے اوائل میں کیے جانے تھے اور شام اور ترکی میں فعال دہشت گرد تنظیموں کے لیڈروں نے ان حملوں کے احکام جاری کیے تھے۔روسی ایجنسی نے ان تنظیموں کا نام نہیں بتایا ہے۔ ماسکو اور اس کے نواح میں یکم مئی کو محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر متعدد ثقافتی اور سیاسی پروگرام منعقد کیے گئے تھے۔ان کے علاوہ روس کے آرتھوڈکس چرچ نے بھی یکم مئی ہی کو ایسٹر کی تقریبات کا انعقاد کیا تھا۔ 9 مئی کو روسی دارالحکومت میں دوسری عالمی جنگ میں نازی جرمنی کے خلاف فتح کی سالگرہ کے موقع پر ایک بڑا فوجی میلہ منعقد کیا جاتا ہے اور اس میں ہزاروں لوگ شرکت کرتے ہیں۔اس موقع پر فوجی آلات اور سازوسامان کی نمائش منعقد کی جاتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT