Monday , December 11 2017
Home / دنیا / روس ‘ کسی بھی امریکی صدر کے ساتھ کام کرنے کو تیار : پوٹین

روس ‘ کسی بھی امریکی صدر کے ساتھ کام کرنے کو تیار : پوٹین

سینٹ پیٹرس برگ 18 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) دو دن تک اعلی یوروپی عہدیداروں اور بین الاقوامی ایگزیکیٹیوز سے ملاقاتوں اور تبادلہ خیال کے بعد روس کے صدر ولادیمیر پوٹین نے بین الاقوامی میڈیا کے ساتھ بات چیت میں قدرے نرم رویہ اختیار کیا ہے اور کہا کہ ان کا ملک امریکہ میں منتخب ہونے والے کسی بھی صدر کے ساتھ کام کرنے تیار ہے ۔ انہوں نے مجوزہ اولمپکس میں روس کے ٹریک اینڈ فیلڈ اتھیلیٹس پر امتناع کے فیصلے کی مذمت بھی کی ۔ پوٹین نے جمعرات اور جمعہ کو سینٹ پیٹرس برگ میں یوروپی کمیشن کے صدر کے علاوہ اطالوی وزیر اعظم اور عالمی شہرہ آفاق کمپنیوں کے سی ای اوز کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر امریکہ اور یوروپ کی جانب سے روس پر 2014 میں عائد کردہ تحدیدات کے بے اثر ہونے کو اجاگر کیا گیا ۔ یہ تحدیدات مشرقی یوروپ میں فوجی کارروائیوں کی پاداش میں عائد کی گئی تھیں۔ شام دیر گئے بڑی نیوز ایجنسیوں کے نمائندوں سے ملاقات کرتے ہوئے ولادیمیر پوٹین نے کہا کہ روس امریکہ میں منتخب ہونے والے کسی بھی صدر کے ساتھ مل کر کام کرنے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نئے صدر کے تعلق سے فیصلہ اس کے کاموں سے کرینگے اس کے بیانات سے نہیں۔ ہم کوشش کرینگے کہ باہمی تعلقات کو بہتر تعاون کے ذریعہ مستحکم کیا جائے اور معیشت اور عالمی سکیوریٹی کے مسئلہ پر بھی دونوں ملکوں کے مابین اشتراک ممکن ہوسکے ۔ پوٹین نے کہا کہ حکم تعملی کے ساتھ عالمی سطح پر قیام امن کی کوششوں کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے ۔ اسی طریقہ سے ہم ماضی میں بھی کئی مرتبہ مسلح تصادم سے بچنے میں کامیاب رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT