Tuesday , September 18 2018
Home / کھیل کی خبریں / رونالڈوبھی ہالینڈ کیخلاف پرتگال کوشکست سے نہ بچا سکے

رونالڈوبھی ہالینڈ کیخلاف پرتگال کوشکست سے نہ بچا سکے

جنیوا۔28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) رئیل میڈرڈ کے عالمی شہرت یافتہ پرتگالی فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو دوستانہ میچ میں اپنی قومی ٹیم کو نسبتًا کمزور ٹیم ہالینڈ کے خلاف شکست سے نہ بچا سکے اور ڈچ ٹیم نے یکطرفہ مقابلے کے بعد پرتگال کو0-3سے شکست دے دی۔ ہالینڈ کی جانب سے ورجل وان ڈیک، ریان بیبل اور میمفس ڈیپے نے فی کس ایک گول کیا۔ سوئٹزر لینڈ میں منعقدہ اس میچ کے دوران پرتگال کو گول کرنے کے مواقع ملے لیکن ان سے فائدہ اٹھایا نہیں گیا۔ میمفس ڈیپے نے کھیل کے 11ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی۔ کرسٹیانو رونالڈو نے میچ برابر کرنے کی بھر پور کوشش کی اور اس دوران بری طرح گرایا گیا لیکن اپیل کے باوجود ریفری نے پنالٹی کک دینے سے انکار کردیا۔ میچ کے32منٹ میں ریان بیبل نے ایک خوبصورت کراس پر ہیڈ کے ذریعہ گیند پرتگال کے گول میں پہنچاتے ہوئے برتری دگنی کردی۔اس کے بعد پہلا ہاف ختم ہو نے سے پہلے وان ڈیک نے ہالینڈ کا تیسرا گول کرکے میچ پرتگال کیلئے بڑی حد تک ختم کردیا۔ دوسرے ہاف میں دونوں ٹیمیں زیادہ اچھے کھیل کا مظاہرہ نہیں کر پائیں ہالینڈ نے اپنے بہتر موقف کی وجہ سے صرف دفاع پر توجہ دی جبکہ پرتگالی ٹیم اس کی دفاعی لائن میں کوئی ایسا مقام تلاش نہ کر پائی جس سے اسے اسکور کا موقع مل سکتا۔ میچ ختم ہو نے سے 20منٹ پہلے کوچ نے رونالڈو کو باہر بلا لیا اور اس کے بعد پرتگال کیلئے کھیل میں واپسی کے امکانات مزید کم ہو گئے اور میچ اسی اسکور پر اختتام کو پہنچ گیا۔ گزشتہ ہفتے انگلینڈ سے شکست کے بعد ہالینڈ کیلئے یہ کامیابی بڑی اہم ہے اور اسے نیا حوصلہ مل گیا۔ ڈچ ٹیم اپنے نئے کوچ رونالڈ کوومین کی نگرانی میں کھیل رہی تھی۔

TOPPOPULARRECENT