Friday , November 16 2018
Home / کھیل کی خبریں / رونالڈوکا میڈرڈ سے 9 سالہ تعلق ختم ،یوونٹس منتقل

رونالڈوکا میڈرڈ سے 9 سالہ تعلق ختم ،یوونٹس منتقل

میڈرڈ۔11جولائی(سیاست ڈاٹ کام)اسپین کے کلب رئیل میڈرڈ نے عالمی شہرت یافتہ فٹبالرکرسٹیانو رونالڈو کے اطالوی کلب یوونٹس میں منتقلی کا اعلان کردیا جس کے ساتھ ہی پرتگال کے اسٹار کی میڈرڈ سے 9سالہ رفاقت کا خاتمہ ہو گیا۔کرسٹیانو رونالڈو2009 میں انگلش کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کو چھوڑکر رئیل میڈرڈ کا حصہ بنے تھے اور اس وقت دنیا کے سب سے مہنگے کھلاڑی قرار پائے تھے۔33سالہ رونالڈو نے اسپین میں 9سال قیام کے دوران رئیل میڈرڈ کے لیے 15خطابات جیتیں جس میں 4مرتبہ چیمپیئنز لیگ جیتنا بھی شامل ہے۔رواں سال چیمپیئنز لیگ جیتنے کے بعد رونالڈو نے رئیل میڈرڈ کو چھوڑنے کا اشارہ دیا تھا جس کے بعد قیاس کیا جا رہا تھا کہ شاید وہ اپنے سابق کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کا دوبارہ حصہ بن جائیں گے تاہم انہوں نے اٹلی کے کلب یوونٹس کا حصہ بن کر اپنے تمام شائقین کو حیران کردیا۔ یوونٹس کے صدر آندرے اگنیلی یونان پہنچے جہاں رونالڈو ورلڈ کپ کے بعد چھٹیاں منا رہے ہیں اور سوپراسٹار کے ایجنٹ کی آمد کے بعد فریقین کے درمیان معاہدہ طے پایا۔ہسپانوی کلب نے 5مرتبہ بیلن ڈی اور جیتنے والے عظیم فٹبالر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج رئیل میڈرڈ اس کھلاڑی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہے جس نے ثابت کیا کہ وہ دنیا کے بہترین فٹبالر ہیں اور کلب کے ساتھ فٹبال کی تاریخ میں رئیل میڈرڈ کے ساتھ ایک ریکارڈ ساز اور تاریخی دورگزارا۔پرتگال کے کپتان نے اپنے بیان میں کہا کہ میں نے میڈرڈ کے ساتھ شاندار 9سال گزارے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ میری زندگی میں نئے دور کے آغاز کا وقت آچکا ہے اور اسی لیے میں نے کلب سے درخواست کی کہ میری منتقلی کی درخواست قبول کی جائے۔رپورٹس کے مطابق رونالڈو کا یوونٹس سے 4سال کے لیے 100ملین میں معاہدہ ہوا ہے اور ممکنہ طور پر وہ اپنے شاندار فٹبال کیریئر کا اسی کلب کے ساتھ اختتام کریں گے۔رونالڈو نے رئیل میڈرڈ کے لیے کھیلتے ہوئے کلب کے لیے سب سے زیادہ گول اسکور کرنے کا عظیم فٹبالر راؤل کا ریکارڈ توڑا اور 438 میچوں میں 451 گول اسکور کیے۔

TOPPOPULARRECENT