Saturday , November 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / رونالڈو زیرقیادت پرتگال کو کمزور آئس لینڈ نے جیتنے نہ دیا

رونالڈو زیرقیادت پرتگال کو کمزور آئس لینڈ نے جیتنے نہ دیا

سینٹ۔ایتیان (فرانس)، 15 جون (سیاست ڈاٹ کام) یوروکپ 2016ء کے سنسنی خیز مقابلوں میں شہرہ آفاق فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو زیرقیادت پرتگال کو غیر معروف آئس لینڈ نے برتری حاصل کرنے سے روکتے ہوئے میچ کو ڈرا کرا دیا جبکہ ہنگری نے مضبوط آسٹریا کو ہرا دیا۔ یورپ کا چھوٹے ملک آئس لینڈ یوروکپ میں پہلی دفعہ حصہ لے رہا ہے اور شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا کے بہترین فٹبالر کی موجودگی میں حریف ٹیم کے خلاف میچ کو 1-1 سے برابر کردیا۔ رئیل میڈرڈ کو حال ہی میں میلان میں چمپینس لیگ کا ٹائٹل دلانے والے رونالڈو اپنی نیشنل ٹیم کو جیت نہیں دلا پائے اور اپنے بہترین کھیل کیلئے مشہور فٹبالر نے متعدد دفعہ گول کرنے کے مواقع پر اپنی مہارت دکھانے میں ناکام نظر آئے۔ گروپ F کے پسندیدہ پرتگال کی جانب سے واحد گول مڈفیلڈر نانی نے میچ کے 31 ویں منٹ میں کیا۔ تاہم آئس لینڈ نے اپنے بہترین کھیل کے ذریعے حریفوں کی برتری 50 ویں منٹ میں برکر جارنسن کے گول کی مدد سے ختم کردی۔
آئس لینڈ نے دفاع کی دیوار لگائے رکھی ، رونالڈو کا ریمارک
رونالڈو نے کہا کہ آئس لینڈ نے صرف دفاع کیا ، پھر دفاع کیا اور دفاع کے بعد تابڑ توڑ حملے کئے، اُن کو گول کرنے کے دو مواقع ملے اور ایک گول کیا، یہ اُن کیلئے خوش قسمت رات ثابت ہوئی۔ رونالڈو نے آئس لینڈ پر تنقید میں کہا کہ شمالی بحراوقیانوس کی جزیرہ ٹیم نے اپنے گول کے روبرو ’کھلاڑیوں کی بھیڑ جمع کردی‘ ۔ رئیل میڈرڈ اسٹار رونالڈو کو منگل کی شب سینٹ ایتیان میں گول پر پرتگال کے 24 شاٹس کے منجملہ 10 کوششوں کا موقع ملا، لیکن وہ چار یورپین چمپئن شپس میں اسکور کرنے والے اولین کھلاڑی بن نہ پائے۔ تاہم 31 سالہ اسٹار نے لوئی فیگو کے ریکارڈ تعداد میں مقابلوں میں شرکت کی برابری کرلی اور اب دونوں پرتگالی لجنڈز 127 میچز کے ساتھ مساوی ہیں۔
٭ گروپ ایف کے دیگر میچ میں ہنگری نے 10 کھلاڑیوں تک محدود ہونے والے آسٹریا کو 0-2 کے واضح فرق سے شکست دی۔ آسٹریا کے الیگزینڈر ڈریگووک کو میچ کے 66 ویں منٹ میں ریڈ کارڈ دکھا کر میدان بدر کیا گیا اور اسی لمحے کو آسٹریا کی شکست کا ذمہ دار مانا گیا۔ اس وقت آسٹریا مخالف ٹیم کے آڈم سیزالائی کے واحد گول کو برابر کرنے کی کوششوں میں مصروف تھی لیکن ہنگری کی جانب سے متبادل کھلاڑی زلاٹن اسٹیبر نے میچ کے 87 ویں منٹ میں موقع ملتے ہی فوری اور بھرپور وار کیا اور 0-2 کی برتری دلا دی۔ آسٹریا فیفا کی درجہ بندی میں سرفہرست 10 ٹیموں میں شامل ہے۔ ہنگری کیلئے یہ جیت یوروکپ کے معمر ترین کھلاڑی 40 سالہ گول کیپر گیبور کیرالی کیلئے بہت خاص ہے۔ ہنگری کے کوچ بیرنڈ اسٹورک نے کہا کہ انھوں نے اس جیت میں اہم کردار ادا کیا، انھیں برسوں سے دی گئی خدمات کا صلہ دیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT