Tuesday , November 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / رونالڈو کو فیفا کے سال کے بہترین کھلاڑی کا اولین ایوارڈ

رونالڈو کو فیفا کے سال کے بہترین کھلاڑی کا اولین ایوارڈ

زیورخ ، 10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کرسٹیانو رونالڈو نے لیونل میسی اور فرانس کے اینٹونیو گریزمین سے فیفا کا پہلا سال کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جیت لیا۔ پرتگال کے شہرہ آفاق فٹ بالر رونالڈو نے 2016ء میں اپنے ملک اور کلب ریال میڈرڈ کے لیے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ریکارڈ فتوحات دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ فٹ بال کی عالمی گوننگ باڈی (فیفا) کی جانب سے اس سے قبل بیلن ڈی اور کے ساتھ مل کر سال 2016 کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا جاتا تھا۔ بیلن ڈی اور ایوارڈ کا آغاز 1956 میں فرانس میں ہوا تھا جو ابتدا میں فرانس تک محدودتھا جس کو 1995 میں یورپ کے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا جبکہ 2007 میں تمام دنیا کے کھلاڑیوں کو جگہ دی گئی۔ 2010 میں فیفا نے بیلن ڈی اور ایوارڈ میں شمولیت کی اور 2015 تک اس کو فیفا بیلن ڈی اور ایوارڈ کا نام دیا گیا۔ رونالڈو نے گزشتہ ماہ بیلن ڈی اور ایوارڈ بھی اپنے نام کیا تھا اور اب فیفا کی جانب سے شروع کیے گئے سال کے بہترین کھلاڑی کا پہلا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا جہاں ان کا مقابلہ ارجنٹینا کے لیونل میسی اور فرانس کے نوجوان فٹ بالر گریزمین سے تھا۔ رونالڈو نے ریال میڈرڈ کے لیے چمپیئنز لیگ کے 12 میچوں میں 16 اہم گول کیے جبکہ 2016 میں پرتگال کو پہلی مرتبہ یورپین چمپیئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اٹلی سے تعلق رکھنے والے انگلش فٹ بال کلب لیسٹر سٹی کے کوچ کلاوڈو رینیری کو سال کا بہترین کوچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ میں فیفا کے صدر گیانی انفنٹینو سے ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد رونالڈو نے کہا کہ ‘میں بہت خوش ہوں اور میں کہہ سکتا ہوں کہ 2016 میرے کیریئر کا بہترین سال تھا، یہ ایک ایسا سال تھا جو میرے لیے ذاتی طور پر اور کھیل کی سطح پر شاندار رہا’۔ رونالڈو نے فیفا بیلن ڈی اورایوارڈ 2008، 2013 اور 2014 میں حاصل کیا تھا جبکہ 2016 میں چوتھی مرتبہ حاصل کرکے میسی کا ریکارڈ برابر کردیا تھا۔ 2016 کی بہترین خاتون کھلاڑی کا پہلا ایوارڈ امریکہ کی کارلی لائیڈ نے حاصل کیا۔

TOPPOPULARRECENT