Tuesday , November 20 2018
Home / کھیل کی خبریں / رونالڈو کے شاندار گول کوبہترین ماننے سے زیڈان کا انکار

رونالڈو کے شاندار گول کوبہترین ماننے سے زیڈان کا انکار

میڈرڈ۔5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )پرتگال اور رئیل میڈرڈ کے فارورڈ کرسٹیانورونالڈو کے ’’بائیسکل کک گول ‘‘نے دنیا بھر کے شائقین کو سحر میں مبتلا کردیا تاہم سابق فرانسیسی فٹبالر اور ٹیم کے کوچ زین الدین زیڈان نے اس گول کو فٹبال کی تاریخ کا ایک خوبصورت گول تو قرار دیاہے لیکن اپنے 2002 میں گلاسگو کے مقام پر کئے گول سے کمتر کہاہے۔رونالڈو نے جیوونٹس کیخلا ف میچ میں 2گول کئے تھے اور وہ مسلسل 10میچز میں گول کرنے والے دنیاکے پہلے فٹبالر بھی بن گئے ہیں۔ان کو گول کو دنیا بھر میں سراہا گیا تاہم زیڈان نے اسے اپنے گو ل سے بہتر ماننے سے انکارکردیاہے۔ہسپانوی اور اطالوی میڈیا سمیت پورے یورپ کے میڈیا نے رونالڈو کی تعریف میں زمین و آسمان کے قلابے ملا رہے ہیں۔جوونٹس کے خلاف پرتگالی فٹبالر کے اس دوسرے گول کے حوالے سے ایک ہسپانوی اخبار نے اپنے صفحہ اول پر رونالڈو کی تصویر کے ساتھ سرخی لگائی کہ’’رونالڈو تم کس سیارے سے زمین پر آئے ہو؟‘‘۔ اپنی ٹیم کے ہار جانے کے باوجود اٹلی کے اخبارات اور دیگر میڈیا بھی رونالڈو کی تعریف میں پیچھے نہیں رہا اور سب نے رونالڈو کو شاندار الفاظ میں سراہتے ہوئے انہیں عظیم فٹبالر قرار دیا۔میڈیا نے کہا کہ فٹبال شائقین رونالڈو اور اس کے کھیل کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔یاد رہے کہ رونالڈو نے ایک مرتبہ پھر اپنے جادوئی کھیل سے ریئل میڈرڈ کو اطالوی کلب جوونٹس کے خلاف اس کے ہوم گراونڈ پر0۔3کی بڑی شکست سے دوچار کر دیا۔رونالڈو نے 2گول کئے اور ان کے دوسرے سائیکل کک گول کو چیمپیئنز لیگ کی تاریخ کا بہترین گول قرار دیئے جانے کے حوالے سے بھی بحث چھڑ چکی ہے۔یہ ایسا گول تھا کہ 40 ہزار سے زائد تماشائی، جن میں اکثریت جوونٹس کے حامیوں کی تھی ، بے اختیار کھڑے ہو کر رونالڈو کو داد دینے پر مجبور ہو گئے۔چیمپیئنز لیگ کے کوارٹر فائنلز میں پہلے مرحلے کے میچ میں شرکت کیلئے ہسپانوی کلب کی ٹیم اٹلی کے شہر ٹورین گئی تھی۔ میچ کے دوران رونالڈو نے ابتدائی3 منٹ میں رئیل میڈرڈ کو برتری دلا تے ہوئے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔پہلا ہاف 0۔1 سے رئیل میڈرڈ کی برتری پر اختتام کو پہنچا۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT