Saturday , November 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / رونالڈو کے مجسمہ پر میسی کا نام، پرتگالی اسٹار کے آبائی شہر میں حاسدانہ حرکت

رونالڈو کے مجسمہ پر میسی کا نام، پرتگالی اسٹار کے آبائی شہر میں حاسدانہ حرکت

لزبن ، 14 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پرتگال کے شہرہ آفاق فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے آبائی شہر فونچل کی شاہراہ پر نصب اُن کے مجسمہ کی پشت پر ارجنٹائن کے مشہور کھلاڑی لیونل میسی کا نام اور جرسی نمبر لکھ دیا گیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق رات کی تاریکی میں نامعلوم افراد اس وقت رونالڈو کے مجسمہ پر میسی کا نام اور جرسی نمبر درج کر گئے جب میسی کو فیفا کے ہیڈ کوارٹر میں سال کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ ’بیلن ڈی۔اوور‘ 5ویں مرتبہ دیا جارہا تھا۔ فیفا نے ’بیلن ڈی۔اوور‘ ایوارڈ کا اعلان دو روز قبل ہی کیا تھا۔ سال کے بہترین کھلاڑی کیلئے رونالڈو ہی میسی کے مدمقابل تھے۔ پرتگال کے اسٹار رونالڈو تین دفعہ یہ ایوارڈ اپنے نام کرچکے ہیں۔ سوشل میڈیا پر موجود تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مجسمہ پر میسی کا نام اور جرسی نمبر سرخ روشنائی سے لکھا گیا۔ تاہم بعد میں اسے صاف کر دیا گیا۔ رونالڈو کی بہن کاتیا اویرو نے اپنے ردعمل میں کہا : ’’ یہ کسی حاسد کا شرمناک فعل ہے۔‘‘ یاد رہے رونالڈو نے ڈسمبر 2014 ء میں اپنے آبائی خطہ فونچل میں 3.40 میٹر اونچے کانسی کے بنے اس مجسمہ کی رونمائی کی تھی۔ رونالڈو کے اس مجسمہ سے چند سو میٹر کے فاصلے پر اُن کا اپنا قائم کردہ میوزیم بھی ہے۔

TOPPOPULARRECENT