Sunday , December 17 2017
Home / جرائم و حادثات / روڈی شیٹر ایوب خان پرمقدمہ چلانے کی اجازت

روڈی شیٹر ایوب خان پرمقدمہ چلانے کی اجازت

حیدرآباد ۔ 16 ؍ اپریل (سیاست نیوز) خطرناک روڈی شیٹر ایوب خان کے خلاف فرصی پاسپورٹ کیس کا مقدمہ چلانے کیلئے ریاستی محکمہ قانون نے حیدرآباد سٹی پولیس کو اجازت دے دی ۔ گذشتہ سال 27 ڈسمبر کو ایوب خان کو ممبئی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر ایمگریشن حکام نے حراست میں لیتے ہوئے اسے ساوتھ پولیس کے حوالے کیا تھا جس کے نتیجہ میں کماٹی پورہ پولیس نے روڈی شیٹر اور دیگر افراد کو فرضی پاسپورٹ حاصل کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ۔ واضح رہے کہ ساوتھ زون پولیس نے خلیل احمد (پاسپورٹ ایجنٹ )‘ قاضی سید مقتدر علی قادری (قاضی ) محمد نصیرالدین نائب قاضی ‘ پی ویندرناتھ ایڈوکیٹ کو گرفتار کرلیا تھا جبکہ حیدرآباد ریجنل پاسپورٹ آفس سینئر سپرنٹنڈنٹ بی اے وینکٹیشور نے حیدرآباد ہائیکورٹ سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کرلی تھی ۔ روڈی شیٹر ایوب خان کی بیوی حفیظہ بیگم اور دوبئی مقیم اس کے برادرنسبتی محمد قیصرالدین کی پولیس کو تلاش ہے ۔ ایوب خان کے خلاف فرضی پاسپورٹ مقدمہ میں جلد از جلد چارج شیٹ داخل کرنے کی غرض سے کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر مہیندر ریڈی نے 28 مارچ ریاستی محکمہ قانون کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے ایوب خان اور دیگر ساتھیوں کے خلاف انڈین پاسپورٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ چلانے کی اجازت طلب کی تھی اور حکومت نے اس سلسلہ میں ایک جی او جس کا نمبر 242 ہے جاری کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں تفصیلات بتاتے ہوئے مسٹر کے اشوک چکرورتی نے بتایا کہ حکومت سے اجازت حاصل ہونے سے چارج شیٹ داخل کرنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے ۔ واضح رہے کہ 25 جنوری کو ایوب خان کو سخت پی ڈی ایکٹ کے تحت طویل عرصہ کے لئے جیل بھیج دیا گیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT