Sunday , September 23 2018
Home / جرائم و حادثات / روڈی شیٹر عیسیٰ قتل کیس کے ملزمین گرفتار

روڈی شیٹر عیسیٰ قتل کیس کے ملزمین گرفتار

مہلک ہتھیار ضبط ، فلک نما پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔ 8 مارچ (سیاست نیوز) روڈی شیٹر عیسیٰ قتل کیس میں ملوث 6 خاطیوں کو پولیس فلک نما نے گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے جرم میں استعمال کئے گئے مہلک ہتھیار برآمد کرلئے۔ پولیس کے بموجب مقتول روڈی شیٹر عیسیٰ وحید خان نامی شخص کی بیوی رضیہ عرف طہ فاطمہ سے ناجائز تعلقات قائم کرلیا تھا اور شوہر کو اس نے واٹس ایپ پر ایک آڈیو میسیج پر روانہ کیا جس میں یہ کہا کہ ’’تیری بیوی پر اب میرا حق ہے ، تیرا نہیں‘‘۔ اس بات کا پتہ چلنے پر وحید خان کا چھوٹا بھائی غلام نوید خان نے انتقام لینے کی غرض سے 2 مارچ کو روڈی شیٹر عیسیٰ کو ماموں کی ہوٹل واقع بی بی کا چشمہ فلک نما کے قریب روکا اور اس کی بھاوج سے ناجائز تعلقات کے بارے میں بحث و تکرار کی۔ نوید خاں کے ہمراہ غلام جاوید خاں، غلام حیدر خان، لطیف، غلام ساجد خان، غلام واجد خان اور سید عزیز الدین بھی موجود تھے کہ اچانک خنجر سے عیسی کے سینے پر وار کردیا جس کے نتیجہ میں وہ برسرموقع ہلاک ہوگیا۔ اس سلسلے میں سید ابوبکر نے پولیس فلک نما میں شکایت درج کرائی اور پولیس نے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے قتل میں ملوث 6 ملزمین کو گرفتار کرلیا جبکہ غلام حیدر خان ہنوز مفرور ہے۔ پولیس نے ملزمین کے قبضہ سے 3 موٹر سائیکلیں، 3 موبائیل فونس اور قتل میں استعمال کئے گئے خنجر کو برآمد کرلیا اور انہیں عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا۔

TOPPOPULARRECENT