Tuesday , December 12 2017
Home / جرائم و حادثات / روڈی شیٹر محمد ایوب کے مقدمہ کی آج سے سماعت

روڈی شیٹر محمد ایوب کے مقدمہ کی آج سے سماعت

فرضی پاسپورٹ کیس میں 7 ملزمین کی عدالت میں پیشی
حیدرآباد ۔ /17 ستمبر (سیاست نیوز) خطرناک روڈی شیٹر محمد ایوب خان کے فرضی پاسپورٹ مقدمہ کی سماعت کا آغاز کل نامپلی کریمنل کورٹ میں ہوگا اور اس کیس میں 7 ملزمین کو عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔ خلیجی ممالک فرار ہونے کی غرض سے ایوب خان نے گولکنڈہ علاقہ کے پتہ پر ایک فرضی پاسپورٹ تیار کیا تھا اور جیل سے رہائی کے بعد وہ ملک سے فرار ہوگیا تھا ۔ /27 ڈسمبر 2016 ء کو روڈی شیٹر کو ایمیگریشن حکام نے ممبئی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر حراست میں لیکر اسے کاماٹی پورہ پولیس کے حوالے کیا تھا ۔ شہر منتقلی کے بعد فرضی پاسپورٹ حاصل کرنے کے انکشاف پر ساؤتھ زون پولیس نے اس کے خلاف ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے پاسپورٹ کے حصول میں مدد کرنے والے محمد خلیل احمد (پاسپورٹ ایجنٹ) قاضی سید مقتدر علی قادری ، نائب قاضی محمد نصیرالدین ، ایڈوکیٹ پی رویندر ناتھ کو گرفتار کیا تھا جبکہ ، حیدرآباد پاسپورٹ آفس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ مسٹر وینکٹیشورا نے حیدرآباد ہائیکورٹ سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کرلی تھی جبکہ روڈی شیٹر ایوب خان کی بیوی حافظہ بیگم نے بھی عدالت میں خودسپرد ہوکر ضمانت حاصل کی ہے ۔ اس کیس میں روڈی شیٹر کے برادر نسبتی محمد قیصر ہنوز مفرور ہے اور وہ دوبئی میں مقیم ہیں ۔ کاماٹی پورہ پولیس نے روڈی شیٹر کے خلاف دھوکہ دہی ، جعلسازی اور انڈین پاسپورٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے تمام ملزمین کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی ۔ چیف میٹرو پولیٹین مجسٹریٹ نامپلی کریمنل کورٹ نے کیس کی سماعت /18 ستمبر سے آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس چارمینار مسٹر کے اشوک چکراورتی نے بتایا کہ ایوب خان کے خلاف ٹھوس ثبوت موجود ہے اور استغاثہ اسے سزاء دلانے میں ہرممکن کوشش کرے گی ۔ واضح رہے کہ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر مہیندر ریڈی نے ایوب خان کی غیرقانونی سرگرمیوں کو روکنے کیلئے اسے گرفتاری کے فوری بعد پی ڈی ایکٹ نافذ کرتے ہوئے ایک سال کیلئے جیل بھیج دیا ہے ۔ ایوب خان کی کل عدالت میں حاضری کے پیش نظر پولیس نے سکیورٹی کے وسیع ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT