Monday , December 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / روہت کی سنچری اسمتھ ۔ بیلی پارٹنرشپ نے ماند کردی، آسٹریلیا فاتح

روہت کی سنچری اسمتھ ۔ بیلی پارٹنرشپ نے ماند کردی، آسٹریلیا فاتح

٭  دھونی کی ٹیم انڈیا 309/3 کا دفاع کرنے میں ناکام
٭  نئے پیس بولر سرن کی اچھی شروعات ، جمعہ کو دوسرا ونڈے
پرتھ ، 12 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی کپتان اسٹیو اسمتھ کے زبردست 149 رنز نے روہت شرما کی شاندار سنچری (171 ) کو پس منظر میں ڈال دیا جبکہ میزبانوں نے ہندوستان کے بے اثر بولنگ اٹیک کو ناکام بناتے ہوئے پانچ میچ کی کرکٹ سیریز کے آج یہاں پہلے او ڈی آئی میں 5 وکٹ کی جامع فتح درج کرائی۔ واکا گراؤنڈ میں حالیہ عرصے کی بہت بے جان وکٹ پر ہندوستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا انتخاب کرتے ہوئے 309/3 کا عمدہ اسکور کھڑا کیا جو اوپنر روہت کے 163 گیندوں میں 171 ناٹ آؤٹ رنز کی بدولت ممکن ہوا۔ وائس کیپٹن ویراٹ کوہلی کے پُرکشش 91 رنز ٹیم اسکور میں دیگر نمایاں حصہ رہا جبکہ اس جوڑی نے دوسری وکٹ کیلئے 207 رنز جوڑے۔ دیگر اوپنر شکھر دھون 9 اور کیپٹن ایم ایس دھونی 18 رنز پر آؤٹ ہوئے جبکہ رویندر جڈیجا 10 پر ناٹ آؤٹ رہے۔ جواب میں اسمتھ جنھوں نے 135 گیندوں کا سامنا کیا، تیسری وکٹ کیلئے ایک اور سابق کپتان جارج بیلی (112) کے ساتھ مل کر 242 رنز بنائے، جس کے بل بوتے پر میزبان ٹیم نے چار گیندیں باقی رکھتے ہوئے 310/5 کے ساتھ جیت درج کرائی

 

، اور انھیں سیریز میں 1-0 کی سبقت مل گئی۔ جہاں روہت کی سنچری پر ایک بار پھر دل شکن انجام ہوا جیسا کہ حالیہ عرصے میں جنوبی افریقہ کے خلاف اُن کی T20 سنچری اور پھر او ڈی آئی سنچری بھی رائیگاں ہوئی تھی، وہیں میزبان کپتان اسمتھ پھر ایک بار اپنی پرفیکٹ اننگز کے ذریعے ہندوستان کیلئے دردِسر بن کر اُبھرے۔ ٹیم انڈیا کے خلاف یہ اننگز سے قبل تمام فارمٹس میں اسمتھ کے حالیہ اسکورز یوں تھے: 162 ناٹ آؤٹ، 52 ناٹ آؤٹ، 133، 28، 192، 14، 117، 71، 47، 105۔ اسمتھ کو ’مین آف دی میچ‘ ایوارڈ دیا گیا۔ یہ واکا میں ٹارگٹ کا سب سے بڑا کامیاب تعاقب اور آسٹریلیا میں او ڈی آئیز کی تیسری کامیاب ترین سعی ہے۔ انڈین بولنگ گہرائی سے بالکلیہ عاری نظر آئی جبکہ اسمتھ۔ بیلی جوڑی نے کوئی غیرمعمولی شاٹس نہیں کھیلے مگر اوپنرز آرن فنچ (8) اور ڈیوڈ وارنر (5) کی ناکامی کے بعد اومیش یادو و دیگر پیسرز کے علاوہ اسپنرز روی چندرن اشوین اور جڈیجا کو آسانی سے کھیلتے ہوئے ٹیم کو جیت کی راہ پر ڈالا۔ گلن میکسویل نے 6 رنز بنائے جبکہ مچل مارش 12 اور جیمز فاکنر 1 پر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستان کی طرف کریئر شروع کرنے والے پیسر بریندر سرن (3/56) نے ابتدائی کامیابیوں کے ساتھ تاثر ضرور چھوڑا لیکن دیگر بولرز ناکام ہوئے۔ دوسرا ونڈے جمعہ کو برسبین میں مقرر ہے۔

TOPPOPULARRECENT