Thursday , September 20 2018
Home / دنیا / روہنگیاؤں کیلئے آئندہ ہفتہ تک نئے کیمپس تیار ہوجائینگے : میانمار

روہنگیاؤں کیلئے آئندہ ہفتہ تک نئے کیمپس تیار ہوجائینگے : میانمار

بنکاک ۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) میانمار کے اعلیٰ سطحی عہدیداروں نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں اور ہندو پناہ گزینوں کو جو بنگلہ دیش سے دوبارہ یہاں آنے والے ہیں، خصوصی طور پر تیار کئے گئے کیمپ میں رکھا جائے گا۔ آئندہ ہفتہ تک مذکورہ کیمپ کی تیاری مکمل ہوجائے گی جیسا کہ میانمار کے عہدیداروں نے وعدہ کیا ہے۔ یاد رہیکہ میانمار اور بنگلہ دیش کے درمیان گذشتہ سال نومبر میں ایک معاہدہ کو قطعیت دی گئی تھی جس کے تحت اس بات پر باہم آمادگی کا اظہار کیا گیا تھا کہ میانمار میں بدھسٹوں کے ظلم و جبر اور تشدد کی وجہ سے بنگلہ دیش فرار ہونے والے روہنگیاؤں کو میانمار میں دوبارہ آباد کیا جائے گا۔ دریں اثناء وزیر برائے سوشیل ویلفیر ریلیف و بازآباد کاری ون میاٹ آئی نے بتایا میانمار اور بنگلہ دیش کے عہدیدار اس سلسلہ میں نیپی ٹا میں آج مزید ایک اجلاس کا انعقاد کررہے ہیں، جہاں یہ طئے پائے گا کہ روہنگیاؤں کی کتنی تعداد کو دوبارہ میانمار آنے کی اجازت دی جائے گی اور کس طرح ان کی نئے قائم کئے گئے کیمپ میں داخلہ کیلئے جانچ پڑتال کی جائے گی۔ یاد رہیکہ زائد از 6 لاکھ روہنگیا مسلمان میانمار سے فرار ہوکر بنگلہ دیش میں انتہائی خستہ حالی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ دریں اثناء اقوام متحدہ اور دائیں بازو کے گروپس نے بھی میانمار سے خواہش کی ہیکہ وہ روہنگیاؤں کی محفوظ اور رضاکارانہ واپسی کو یقینی بنائے۔

TOPPOPULARRECENT