Sunday , September 23 2018
Home / دنیا / روہنگیا جنگجوؤں کا حملہ، مہاجرین کی واپسی میں رکاوٹ !

روہنگیا جنگجوؤں کا حملہ، مہاجرین کی واپسی میں رکاوٹ !

میانمار 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) روہنگیا مسلمانوں سے تعلق رکھنے والے عسکری گروپ نے میانمار کے ایک فوجی ٹرک پر حملہ کیا ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس حملے سے رواں مہینے میں روہنگیا مہاجرین کی میانمار واپسی میں مشکلات حائل ہو سکتی ہیں۔میانمار کی سکیورٹی فورسز اور ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ بظاہر روہنگیا مسلمانوں سے تعلق رکھنے والے ایک عسکریت پسند گروپ نے گھات لگا کر ایک فوجی ٹرک حملہ کیا ہے۔ اس حملے میں پانچ فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ فوجی ٹرک پر کیے گئے حملے کی ذمہ داری ’اراکان روہنگیا سالویشن آرمی‘ (ARSA) نے قبول کر لی ہے۔ اراکان روہنگیا سالویشن آرمی کے ترجمان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ میانمار کی فوجی نقل و حرکت پر حملے میں اْس کے اراکان شریک تھے۔ ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ اس حملے کی مزید تفصیلات بعد کے بیان میں جاری کی جائیں گی۔یہ امر اہم ہے کہ گزشتہ برس 25 اگست کو روہنگیا مسلمانوں سے تعلق رکھنے والے اسی عسکری گروپ نے میانمار کی فوج اور پولیس پر حملے کیے تھے۔ ان حملوں کے بعد شروع ہونے والی فوجی کارروائی کے خوف سے تقریباً ساڑھے 6 لاکھ روہنگیا مہاجرین بنگلہ دیش پہنچ چکے ہیں۔ ان مہاجرین کو ساحلی شہر کاکس بازار کے قرب جوار میں قائم کیمپوں میں رکھا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT