Saturday , December 16 2017
Home / کھیل کی خبریں / روی شاستری کا بیان غیرواجبی : اظہرالدین

روی شاستری کا بیان غیرواجبی : اظہرالدین

حیدرآباد۔ 12 اگست (سیاست نیوز) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہرالدین کے نام سے 3D موبائیل گیم بازار میں آگئی ہے۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی ’’بگ کوڈ گیمس‘‘ کمپنی نے اس گیم کو تیار کیا ہے۔ گیم کے آغاز سے متعلق پروگرام میں شرکت کرنے والے محمد اظہرالدین نے کرکٹ کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے بحیثیت کوچ انڈین کرکٹ ٹیم سے کمبلے کی دستبرداری، روی شاستری کے ریمارکس، سری سنت پر امتناع کے علاوہ دوسرے مسائل پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انیل کمبلے کے ساتھ جو سلوک کیا گیا ہے، اس سے انہیں بے حد تکلیف ہوئی ہے۔ کمبلے سے وہ اچھی طرح واقف ہیں۔ وہ کبھی کسی کو انگلی نہیں دیکھاتے۔ جو بھی فیصلے کئے ہیں، وہ ٹیم انڈیا کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے کئے ہیں۔ انہوں نے کبھی ٹیم انڈیا کے مفادات کو نقصان نہیں پہنچایا۔ اپنی عزت نفس کیلئے انہوں نے بحیثیت کوچ ٹیم انڈیا سے دستبرداری اختیار کی ہے۔ ان کا فیصلہ حق بجانب ہے۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ روی شاستری کی جانب سے کوہلی کی قیادت والی ٹیم کو ہندوستان کی سب سے بہترین ٹیم قرار دینے پر محمد اظہرالدین نے سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ تب کی ٹیم الگ تھی، اب کی ٹیم الگ ہے۔ دونوں ٹیموں کا موازنہ نامناسب ہے۔ ماضی کی وکٹیں ، بولرس، ٹیمیں، حالات، حریف سب کے سب الگ تھے۔ روشی شاستری اس ٹیم کا حصہ تھے۔ انہوں نے ماضی اور حال کی ٹیم کا موازنہ کرتے ہوئے خود اپنے آپ اپنی اہمیت گھٹالی ہے۔ محمد اظہرالدین نے کہا کہ انہیں کرکٹ بورڈ سے وصول طلب وظیفہ کا بہت جلد فیصلہ ہونے کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ بورڈ سے ان کی کوئی دشمنی نہیں ہے۔ حصول انصاف کیلئے ہی عدلیہ سے رجوع ہونے کا دعویٰ کیا۔ محمد اظہرالدین نے کہا کہ تلنگانہ حکومت میں کابینی درجہ رکھنے والے جی ویویک کا حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کا صدر بننا قواعد کی خلاف ورزی ہے۔ یہاں تنخواہ پارہے ہیں یا نہیں مسئلہ نہیں ہے بلکہ قواعد بھی تو کوئی چیز ہے۔

TOPPOPULARRECENT