Tuesday , October 23 2018
Home / Top Stories / روی شنکر کا بیان ’’درپردہ دھمکی ‘ ‘ : شردیادو

روی شنکر کا بیان ’’درپردہ دھمکی ‘ ‘ : شردیادو

گیا (بہار) /6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جے ڈی (یو) کے سابق صدر شردیادو نے روی شنکر کے بیان کی مذمت کی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر ایودھیا تنازعہ کی یکسوئی نہ کی جائے تو ہندستان میں شام بن جائے گی ۔ انہوں نے اسے درپردہ دھمکی قرار دیا ۔ وہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ عدالت میں معاملہ زیرغور ہے اور اس کا فیصلہ عدالت میں ہی ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ روی شنکر اب اپنے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کررہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ اقلیتی طبقہ کو دھمکی دینے کا وہ خواب میں بھی تصور نہیں کرسکتے ۔ سابق جے ڈی (یو) قائد جو راجیہ سبھا کی رکنیت کیلئے نااہل قرار دیئے ہیں کیونکہ انہوں نے پارٹی کی ہدایات کی تعمیل نہیں کی کہا کہ لوک سبھا کی ایک نشست اور اسمبلی کی دو نشستوں کیلئے بہار میں ضمنی انتخابات بہار میں ایک آزمائش ثابت ہوں گے اور پتہ چل جائے گا کہ عوامی نمائندے کون ہیں اور عوام سے غداری کون کررہا ہے ۔ شردیادو بہار میں کانگریس ۔ آر جے ڈی اتحاد کی تائید کررہے ہیں ۔ بی جے پی کے سینئر قائدین نے شردیادو کی عظیم اتحاد برقرار رکھنے کی کوششوں کامذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں کانگریس کے 4 ارکان کونسل پارٹی سے ترک تعلق کرکے جنتادل (یونائیٹیڈ) میں شامل ہوچکے ہیں ۔ شریادو لالو پرساد ، رابڑی دیوی اور تیجسوی یادو کے کرپشن کی پردہ پوشی کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ اور الزام عائد کررہے ہیں کہ معیارات تبدیل ہوچکے ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT