Thursday , November 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / روی چندرن اشون نے 250 ٹسٹ وکٹس مکمل کرلئے

روی چندرن اشون نے 250 ٹسٹ وکٹس مکمل کرلئے

ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے جلد سنگ میل عبور کرنے کا ریکارڈ
نئی دہلی 12 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے مایہ ناز اسپنر آر اشون نے اپنے ٹسٹ کیرئیر میں ایک اور سنگ میل کو عبور کرلیا ہے اور وہ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے تیز 250 وکٹس حاصل کرنے والے بولر بن گئے ہیں۔ انہوں نے بنگلہ دیش کے کپتان مشفق الرحیم کو آج حیدرآباد میں کھیلے جا رہے ٹسٹ میں آوٹ کرتے ہوئے اپنے 45 ویں ٹسٹ میں 250 ویں وکٹ مکمل کی ۔ اس سے قبل ٹسٹ کرکٹ میں سب سے تیز 250 وکٹس مکمل کرنے کا ریکارڈ آسٹریلیا کے افسانوی بولر ڈینس للی کے نام درج تھا جنہوں نے یہ کارنامہ 49 ٹسٹ میچس میں مکمل کیا تھا ۔ اشون ٹاپ رینک کے بولر اور ٹسٹ کرکٹ کے آل راونڈر ہیں اور وہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹسٹ میچ میں انہوں نے 248 وکٹس کے ساتھ آغاز کیا تھا ۔ انہوں نے تیسرے دن کے کھیل میں اپنے 15 ویں اوور میں شکیب الحسن کو آوٹ کرتے ہوئے 249 وکٹس مکمل کئے تھے اور انہیں 250 ویں وکٹ کیلئے انتظار کرنا پڑا اور چوتھے دن انہوں نے مشفق الرحیم کو آوٹ کرتے ہوئے یہ نشانہ عبور کرلیا ۔ رحیم نے ان کی ایک گیند پر سویپ کرنے کی کوشش کی لیکن گیند ان کے گلوز سے ٹکرا کر وکٹ کیپر وردھی مان ساہا کے پاس گئی اور انہوں نے کیچ کرنے میں کوئی غلطی نہیں کی ۔ اس وکٹ کے ساتھ بنگلہ دیش کی اننگز 388 رنوں پر ختم ہوگئی ۔ اشون اس سنگ میل کے ساتھ ہندوستان کے سابق کپتان بشن سنگھ بیدی کے 266 وکٹوں کے نشانہ کو عبور کرنے سے 17 وکٹ پیچھے ہیں۔ اگر وہ اس نشانہ کو بھی عبور کرلیتے ہیں تو وہ ٹسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے پانچویں ہندوستانی بولر بن جائیں گے ۔ امید کی جا رہی ہے کہ اشون آسٹریلیا کے خلاف چار ٹسٹ میچس کی سیریز میں یہ کارنامہ بھی انجام دینگے ۔ حیدرآباد کا راجیو گاندھی اسٹیڈیم 30 سالہ اشون کیلئے کامیاب ہوتا جا رہا ہے ۔ اس سے قبل وہاں کھیلے گئے دو ٹسٹ میچس میں اشون نے 10.50 کے اوسط سے 18 وکٹس حاصل کئے تھے ۔ اشون نے 2016 میں بھی زبردست کامیابی حاصل کی تھی اور اس سال وہ 72 وکٹس حاصل کرتے ہوئے سب سے زیادہ ٹسٹ وکٹ لینے والے بولر تھے اور اسی وجہ سے انہیں آئی سی سی کا کرکٹر آف دی ائیر ایوارڈ بھی حاصل ہوا تھا ۔ انہوں نے ہر سیریز میں نمایاں کارکردگی دکھائی تھی ۔ ہندوستان میں کھیلے گئے آٹھ ٹسٹ میچس میں انہوں نے 55 وکٹس حاصل کئے تھے ۔ وہ اس سال میں سب سے زیادہ مین آف دی سیریز حاصل کرنے میں وریندر سہیواگ سے آگے بڑھ گئے تھے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT