Friday , April 20 2018
Home / شہر کی خبریں / رچہ کنڈہ پولیس کی انسانی ہمدردی کی مثال

رچہ کنڈہ پولیس کی انسانی ہمدردی کی مثال

کینسر سے متاثرہ کمسن لڑکے کی کمشنر پولیس بننے کی خواہش کی تکمیل
حیدرآباد /4 اپریل ( سیاست نیوز ) محکمہ میں سخت ترین ڈسپلین اور تعلیم و تربیت کے معاملہ میں سنجیدہ مانے جانے والے کمشنر رچہ کنڈہ انسانی ہمدردی میں بھی اپنی علحدہ پہچان رکھتے ہیں ۔ انہوں نے خون کے کینسر کے شکار ایک کمسن کی خواہش کو پورا کرتے ہوئے اس 6 سالہ لڑکے کو ایک دن کیلئے کمشنر بنادیا ۔ ضلع میدک کے کنچن پلی علاقہ سے تعلق رکھنے والے 6 سالہ احسان کا آج تمام اعزاز کے ساتھ کمشنریٹ میں استقبال کیا گیا اور ایک دن کے کمشنر کی حیثیت سے اس کی خواہش کو پورا کیا گیا ۔ خود کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر مہیش مرلی دھر بھگوت نے احسان کا استقبال کیا اور گلدستہ پیش کرتے ہوئے اس کمسن کو کمشنر کے ایک دن کے عہدہ کا جائزہ دیا ۔ احسان دوسری جماعت کا طالب علم ہے جو آج اس کے والدین چاند پاشاہ اور حسینہ کے ہمراہ کمشنر کی وردی میں پہونچا ۔ اس لڑکے کا علاج ایم این جے کینسر ہاسپٹل میں جاری ہے اور یہ کمسن خطرناک مہلک مرض سے لڑ رہا ہے ۔ اس سلسلہ میں ’’ میک آویش ‘‘ Make a Wish نامی این جی او نے لڑکے کی خواہش کا پتہ چلایا اور اس خواہش کو کمشنر سے رجوع کیا ۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ نے اس این جی او کی درخواست پر رضا مندی ظاہر کرتے ہوئے احسان کو ایک دن کا کمشنر بنایا ۔ اس موقع پر احسان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ خواتین کے تحفظ اور ان کی بھلائی کیلئے انجام دی جارہی شی ٹیم کی خدمات میں توسیع کرے گا ۔ اور شی ٹیموں میں اضافہ کرے گا ۔ اس لڑکے نے کہا کہ وہ سرقہ کی وارداتوں پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ امن و امان کی برقراری کو اولین ترجیح دے گا ۔ کمشنر نے اس لڑکے کے علاج کیلئے 10 ہزار روپئے کا عطیہ پیش کیا ۔ اس موقع پر دیگر عہدیدار موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT