Wednesday , May 23 2018
Home / شہر کی خبریں / ریاستوں کی ضروریات پر مبنی قومی ایجنڈہ بنانا ضروری

ریاستوں کی ضروریات پر مبنی قومی ایجنڈہ بنانا ضروری

کے سی آر کا سینئر عہدیداروں اور بیوروکریٹس کے ساتھ اجلاس ۔ مختلف امور پر تبادلہ خیال
حیدرآباد 10 مارچ ( پی ٹی آئی )چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ آج اس بات کی ضرورت ہے کہ قومی ایجنڈہ ‘ ریاستوں کی ضروریات اور سماج کے مختلف طبقات کی ضروریات کو ذہن میں رکھتے ہوئے تیار کیا جائے ۔ واضح رہے کہ چندر شیکھر راؤ نے گذشتہ دنوں اعلان کیا تھا کہ وہ ایک غیر کانگریسی و غیر بی جے پی محاذ بنانے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے سینئر عہدیداروں اور موظف بیوروکریٹس کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا ۔ اس اجلاس میں ترقی کیلئے ایک قومی ایجنڈہ کی تیاری اور موجودہ طریقہ کار کی افادیت پر غور کیا جاسکے ۔ چیف منسٹر کے دفتر ے جاری کردہ ایک اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ ملک سات دہے قبل آزاد ہوا تھا لیکن ان 70 برس میں ترقی عوام کی توقعات کے مطابق نہیں رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ دنیا میں دوسرے ممالک ترقی کی سمت بڑھ رہے ہیں لیکن ہم ابھی تک بنیادی ضروریات کی تکمیل میں بھی کامیاب نہیں ہوسکے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حالانکہ کئی ریاستوں کے مابین آبی تنازعات ہیں لیکن انہیں حل نہیں کیا گیا ۔ کئی اصلاحات ماہرین نے مرکز ۔ ریاست تعلقات پر پیش کئے تھے لیکن ان پر عمل آوری نہیں کی گئی ۔ اعلامیہ میں چیف منسٹر کا یہ کہتے ہوئے حوالہ دیا گیا کہ حقیقی وفاقی جذبہ کی عکاسی نہیں کی گئی ہے اور ان حالات میں ضرورت اس بات کی ہے کہ قومی ترقی کیلئے ایک ایجنڈہ تیار کیا جائے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ سماجی ‘ عدلیہ ‘ مقننہ اور انتظامیہ کے شعبہ جات میں تبدیلی لائی جائے ۔ ریفارمس اور مستقبل کے منصوبوں پر ایک واضح ایجنڈہ ہونا چاہئے ۔

TOPPOPULARRECENT