Monday , October 22 2018
Home / شہر کی خبریں / ریاستی حج کمیٹی کی تشکیل ، مسیح اللہ خاں صدر نشین متوقع

ریاستی حج کمیٹی کی تشکیل ، مسیح اللہ خاں صدر نشین متوقع

فاروق حسین ، فرید الدین اور محمد شکیل عامر کے بشمول 16 ارکان کا تقرر
حیدرآباد۔ 20 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ریاستی حج کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی ہے۔ 16 رکنی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے سکریٹری اقلیتی بہبود ایم دانا کشور نے آج جی او آر ٹی 21 جاری کیا۔ 6 مختلف زمرے جات کے تحت 16 ارکان کا تقرر کیا گیا ہے۔ حج کمیٹی ایکٹ 2002ء کے تحت ارکان کے تقررات حکومت کی جانب سے عمل میں لائے جاتے ہیں اور بعد میں ارکان کی جانب سے صدرنشین کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ ارکان مقننہ کے زمرے میں فاروق حسین، فرید الدین ارکان قانون ساز کونسل اور محمد شکیل عامر رکن اسمبلی کو شامل کیا گیا۔ مجالس مقامی کے زمرے کے تحت خواجہ سراج الدین کارپوریٹر گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن محمد عبدالشفیع کارپوریٹر رامنتاپور جی ایچ ایم سی اور عارف احمد کارپوریٹر کریم نگر میونسپل کارپوریشن کو شامل کیا گیا۔ مذہبی شخصیتوں کے زمرے میں عبدالقادر سدی پیٹ، حافظ محمد لئیق خان نظام آباد اور ڈاکٹر عقیل ہاشمی سابق صدر شعبہ اردو عثمانیہ یونیورسٹی کو شامل کیا گیا۔ ان کے علاوہ مسیح اللہ خان حیدرآباد، ستار گلشنی حیدرآباد، محمد امجد علی عرف ابو طلحہ امجد حیدرآباد، محمد امتیاز خان آصف آباد، محمد عارف الدین حیدرآباد کو بحیثیت ارکان شامل کیا گیا ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم بااعتبار عہدہ حج کمیٹی کے رکن رہیں گے جبکہ پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر و ایگزیکٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی کو بااعتبار رکن اور کنوینر حج کمیٹی نامزد کیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ صدرنشین کے انتخاب میں ٹی آر ایس قائد مسیح اللہ خان کو اتفاق رائے سے منتخب کرلیا جائے گا۔ مسیح اللہ خان کا شمار چیف منسٹر و ڈپٹی چیف منسٹر کے بااعتماد رفقاء میں ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ روزنامہ سیاست نے سب سے پہلے حج کمیٹی کی تشکیل اور مسیح اللہ خان کو صدرنشین مقرر کیے جانے کی اطلاع دی تھی۔

TOPPOPULARRECENT