Saturday , December 16 2017
Home / شہر کی خبریں / ریاستی حکومت عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ

ریاستی حکومت عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ

شادی مبارک اسکیم کے تحت چیکس کی تقسیم کے موقع پر پرکاش گوڑ کا خطاب
شمس آباد ۔ 16 جنوری (سیاست نیوز) شمس آباد میں شادی مبارک و کلیان لکشمی اسکیم کے تحت 64 خواتین میں چیکس کی تقسیم راجندر نگر رکن اسمبلی پرکاش گوڑ کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ اس موقع پر انہوں نے اپنی مخاطبت میں کہا کہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ غریب عوام کو سہولت کی خاطر مختلف اسکیمات کا آغاز کررہے ہیں۔ غریب لڑکیوں کی شادی کیلئے حکومت کی جانب سے 51 ہزار روپئے دیئے جارہے ہیں۔ سفید راشن کارڈ رکھنے والے ہر خاندان کو لڑکی کی شادی کیلئے رقم فراہم کی جارہی ہے۔ چیف منسٹر نے اسمبلی میں قرارداد منظور کی کہ لڑکی کی شادی سے پندرہ دن قبل ہی چیک ان کے حوالہ کیا جائے جس کیلئے تمام عہدیداروں کو ہدایت جاری کردی گئی ہے۔ حکومت کی ا سکیمات کو عوام تک پہنچانے کیلئے تمام سیاسی پارٹیوں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ تب ہی عوام کو فائدہ حاصل ہوگا۔ رکن اسمبلی نے تاج بابا کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نے اسکیم کو عوام تک پہنچا کر خدمت کو انجام دیا۔ شمس آباد سرپنچ راچاملا سدیشور نے کہا کہ غریب عوام میں لڑکی کی شادی کیلئے حکومت رقم منظور کررہی ہے۔ انہوں نے تمام افراد میں اس اسکیم کو مختص کا مطالبہ کیا۔ تاج بابا کانگریس مائناریٹی سیل ٹاؤن صدر کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس اسکیم کو عوام تک پہنچایا اور اس کی تکمیل تک رہنمائی کی جس سے کئی افراد کو فائدہ پہنچا ہے۔ اس موقع پر چکلہ ایلیاء منڈل صدر، ستیش زیڈی پی ٹی سی ممبر نے بھی خطاب کیا۔ شادی مبارک اسکیم کے تحت 42 خواتین میں چیکس تقسیم کئے گئے اور کلیانہ لکشمی کے تحت ایس سی 9 اور ایس ٹی میں 13 چیکس تقسیم کئے گئے۔ اس اجلاس میں محمد شمس الدین ڈپٹی سرپنچ، سید رفیع الدین قادری کانگریس مائناریٹی سیل منڈل صدر، ایم پی ٹی سی ممبرس، سرپنچوں کے علاوہ دیگر افراد موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT