Wednesday , January 24 2018
Home / شہر کی خبریں / ریاست آندھراپردیش میں تلگودیشم کو اقتدار سے بیدخل کرنے کا مطالبہ

ریاست آندھراپردیش میں تلگودیشم کو اقتدار سے بیدخل کرنے کا مطالبہ

صدر راج نافذ کرنے پر زور، وائی ایس آر سی پی کے لیڈر ڈاکٹر ایم وی میسورا ریڈی کا بیان

صدر راج نافذ کرنے پر زور، وائی ایس آر سی پی کے لیڈر ڈاکٹر ایم وی میسورا ریڈی کا بیان
حیدرآباد 6 جولائی (سیاست نیوز) وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے تلگودیشم حکومت کو اقتدار سے بیدخل کرتے ہوئے آندھراپردیش میں صدر راج نافذ کرنے کا صدرجمہوریہ ہند سے مطالبہ کیا۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سینئر قائد سابق رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر ایم وی میسورا ریڈی نے یہ بات بتائی۔ اس موقع پر پارٹی کی ترجمان واسو ریڈی پدما بھی موجود تھیں۔ ڈاکٹر ایم وی میسورا ریڈی نے کہاکہ آندھراپردیش میں امن و ضبط خطرہ میں ہے۔ عام انتخابات کے بعد سے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے قائدین اور کارکنوں پر مسلسل حملے کئے جارہے ہیں۔ ضلع پریشد صدورنشین کے انتخابات میں تو حد کردی گئی بالخصوص اضلاع نیلور اور پرکاشم کے آفسوں میں ضلع پریشد کے ارکان نہ رہنے والے گھس گئے۔ پولیس کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ مگر بے قاعدگیوں کو روکنے کیلئے کوئی کوشش نہیں کی بلکہ حکمراں تلگودیشم پارٹی کے ساتھ تعاون کیا۔ آندھراپردیش کے کئی مقامات پر تلگودیشم کے قائدین نے غنڈہ گردی کی ہے۔ قانون کو اپنے ہاتھ میں لیا ہے۔ تلگودیشم پارٹی کے اقتدار میں آنے کے بعد آندھراپردیش میں لاء اینڈ آرڈر کی ابتر صورتحال ہوگئی ہے۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی ان سارے واقعات کے خلاف صدرجمہوریہ ہند مسٹر پرنب مکرجی سے ملاقات کرتے ہوئے آندھراپردیش میں صدر راج نافذ کرنے کیلئے نمائندگی کرے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ اتنا سب کچھ ہونے کے بعد تلگودیشم پارٹی برسر اقتدار اور چندرابابو نائیڈو چیف منسٹر کے عہدے پر ایک منٹ بھی برقراری کے اخلاقی حق سے محروم ہوچکے ہیں۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی ترجمان مسز واسو ریڈی پدما نے کہاکہ چندرابابو نائیڈو نے اقتدار سنبھالنے کے ایک ماہ بعد بھی بحیثیت چیف منسٹر عوام کو مطمئن کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ کسانوں اور ڈاکرا ویمنس کے قرض معاف کرنے کا وعدہ کیا گیا مگر اس پر آج تک کوئی عمل آوری نہیں ہوئی۔ ہر نوجوان کو ملازمت اور بے روزگاروں کو روزگار حاصل ہونے تک بے روزگاری بھتہ دینے کا وعدہ کیا گیا مگر اس پر کوئی عمل نہیں کیا جارہا ہے۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرے گی۔ تلگودیشم نے اپنے منشور کے ذریعہ جو وعدے کئے ہیں اس پر عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے عوامی جدوجہد شروع کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT