Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / ریاست تلنگانہ میں بدعنوانیاں ناقابل برداشت : چیف منسٹر

ریاست تلنگانہ میں بدعنوانیاں ناقابل برداشت : چیف منسٹر

بودھن میں فرضی چالانات کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت ، عہدیداروں کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔ 16 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے بودھن سرکل میں پیش آئے فرضی چالان اجرائی اسکام کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی محکمہ کمرشیل ٹیکس عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ آج پرگتی بھون میں چیف منسٹر کے سی آر نے محکمہ کمرشیل ٹیکس کے عہدیداروں کا جائزہ اجلاس طلب کیا جس میں ریاستی وزیر فینانس ایٹالہ راجندر ، چیف سکریٹری ایس پی سنگھ ، ڈی جی پی انوراگ شرما ، چیف منسٹر آفس کے عہدیداروں میں نرسنگ راؤ ، سمیتا سبھروال ، بھوپال ریڈی ، راج شیکھر ریڈی ، محکمہ کمرشیل ٹیکس کے چیف سکریٹری سومیش کمار کمشنر انیل کمار کے علاوہ دوسرے عہدیداروں نے شرکت کی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کافی محنت و جدوجہد کے بعد علحدہ تلنگانہ ریاست حاصل کی گئی ہے ۔ بدعنوانیوں کے خاتمے کے معاملے میں کسی بھی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔علحدہ ریاست میں جہاں جہاں بھی بدعنوانیوں کے واقعات منظر عام پر آرہے ہیں وہ سابق حکومتوں کی مرہون منت ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے بدعنوانیوں کا خاتمہ کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر اصلاحات لائے گئے مختلف محکمہ جات میں لمبے عرصے سے خدمات انجام دینے والے عہدیداروں کے تبادلے کیے گئے ۔ نظم و نسق میں بڑے پیمانے پر تبدیلی لائی گئی ۔ ہمارے خلوص و محبت کا چند عہدیداروں کی جانب سے بیجا استعمال کیا جارہا ہے ۔ جس کی وجہ سے ایسے واقعات رونما ہورہے ہیں ۔ ایسے بدعنوان عہدیداروں کی نشاندہی کرتے ہوئے سنہرے ریاست کی تشکیل کے لیے بہتر مستقبل کی حکمت عملی تیار کرنے کا وقت آگیا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ ریاست تلنگانہ سے پوری طرح بدعنوانیوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا چاہئے ۔ چیف منسٹر نے بودھن سرکل میں پیش آئے فرضی چالانات کے واقعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قصور وار عہدیداروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مستقبل میں دوبارہ ایسا واقعہ پیش نہ آئے اس کی بھی منصوبہ بندی تیار کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ ایسے واقعات کی دوسرے محکمہ جات میں گنجائش ہے کیا اس کا بھی جائزہ لینے کا مشورہ دیا ۔ بودھن واقعہ کی جامع تحقیقات کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ محکمہ کمرشیل ٹیکس ، اسٹامپ و رجسٹریشن میں لمبے عرصے سے حیدرآباد و ضلع رنگاریڈی میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے تبادلہ کرنے کی چیف سکریٹری محکمہ کمرشیل ٹیکس سومیش کمار کو ہدایت دی ۔ غلطی کرنے والوں کو کسی بھی حالت میں معاف نہ کرنے کا چیف منسٹر نے اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مختصر عرصے میں ریاست تلنگانہ نے محکمہ کمرشیل ٹیکس کی کارکردگی کے معاملے میں سارے ملک میں سرفہرست مقام حاصل کیا ہے جو قابل ستائش ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT