Sunday , February 25 2018
Home / شہر کی خبریں / ریاست تلنگانہ کو جرائم سے پاک بنانے کے اقدامات

ریاست تلنگانہ کو جرائم سے پاک بنانے کے اقدامات

عوام اور پولیس کی متحدہ جدوجہد ثمر آور ثابت ، ڈائرکٹر جنرل محابس اجلاس سے محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد۔9نومبر (سیاست نیو ز) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمودعلی نے کل ہند ڈائرکٹر جنرل برائے محابس کے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ کو سنہری ریاست میں تبدیل کرنے کیلئے اس کو جرائم سے پاک کرنا ضروری ہے۔ اور اس کام کو انجام دینے کے لئے چیف منسٹر کے چندرا شیکھر راؤکافی سنجیدگی کے ساتھ اقدامات کررہے ہیںاور چیف منسٹر کو اس بات کا بھی یقین ہے کہ آئندہ برسوں میں تلنگانہ کا شمار مکمل طور پرجرائم سے پاک اور پرامن ریاست کے طور پر ہوگا۔ بیورو آف پولیس ریسرچ اینڈڈیولپمنٹ نئی دہلی و تلنگانہ محکمہ محابس کے زیر اہتمام حیدرآباد میں منعقدہ اجلاس س میں 14ریاستوں کے ڈائرکٹر جنرل برائے محابس نے شرکت کی۔ اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے جناب محمد محمودعلی نے بتایا کہ ریاست کی تشکیل کے بعد حکومت نے ’’فرینڈلی پولسنگ‘‘ کو متعارف کرتے ہوئے عوام و پولیس کے درمیان موجود خلاء کو دور کیااور اب ریاست میں عوام اور پولیس مشترکہ طور پر جرائم کے خلاف متحدہ کام کر رہے ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آئے اور جرائم کی شرح میں بھی خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے۔ قیدیوں کے تئیں حکومت کے نرم رویے پر کہا کہ 2016 میں طویل مدت سے سزا کاٹنے والے 251 قیدیوں کو عام معافی کے تحت رہا کیاگیااور حکومت سزا یافتہ قیدیوں کو خود مکتفی بنانے کی غرض سے تربیت فراہم کررہی ہے جس میں قیدی بھی دلچسپی کا مظاہرہ کررہے ہیں علاوہ ازیں جیل سے رہائی حاصل کرنے والوں کو عزت سے زندگی گزارنے کیلئے انہیں مختلف صنعتوں اور شعبہ جات میں ان کی قابلیت کے مطابق ر وزگار سے منسلک کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے تلنگانہ کی تشکیل کے بعد حکومت کی جانب سے قیدیوں کی بہبود کیلئے آغاز کردہ مختلف اسکیمات کے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ مذکورہ اسکیمات کامیابی کے ساتھ جاری ہیں۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلی نے جیل حکام کے ہمراہ جیل کا تفصیلی دورہ کیا ۔

TOPPOPULARRECENT