Saturday , September 22 2018
Home / شہر کی خبریں / ریاست تلنگانہ کے اردو مصنفین و شعراء کی سال 2014 کی مطبوعات پر انعامات:پروفیسر ایس اے شکور کا اعلان

ریاست تلنگانہ کے اردو مصنفین و شعراء کی سال 2014 کی مطبوعات پر انعامات:پروفیسر ایس اے شکور کا اعلان

حیدرآباد۔/23اپریل، ( پریس نوٹ ) پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر؍ سکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی نے اپنے صحافتی اعلامیہ میں کہا ہے کہ تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کی جانب سے ریاست کے اردو شعراء، ادیبوں اور مصنفین کی سال 2014 کے دوران شائع شدہ مطبوعات پر تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کی جانب سے انعامات عطاء کئے جائیں گے۔ پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر؍ سکریٹری نے اس سلسلہ میں تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ انعامات کے لئے مطبوعات کو شاعری، فکشن، طنز و مزاح، بچوں کا ادب، تحقیق و تنقید اور متفرق زمروں میں تقسیم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مطبوعات پر انعامات کیلئے درخواست گذار اپنی 5مطبوعہ کتابیں درخواست اور تمام تفصیلات کے ساتھ 7مئی 2015 تک صدر دفتر اردو اکیڈیمی چوتھی منزل حج ہاوز نامپلی حیدرآباد میں شخصی طور پر داخل کریں۔ پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر؍ سکریٹری نے بتایا کہ مطبوعہ کتابیں ڈیمائی سائز کی کم از کم 96 صفحات پر اور کراؤن سائز کی کم از کم 112 صفحات پر مشتمل ہونی چاہیئے۔ مولف و مرتبہ کتابوں میں ڈیمائی سائز کی مطبوعہ کتاب میں کم از کم 15صفحات کا مقدمہ اور کراؤن سائز کتاب میں20 صفحات کا مقدمہ شریک نہ ہو تو کتاب کو انعام کے لئے غور نہیں کیا جائے گا۔ پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی نے بتایا کہ کتابوں کو انعام کے لئے منتخب یا مسترد کرنے کا اختیار تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کو ہوگا۔ تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی سے انعام یافتہ کتاب کو دوبارہ انعام نہیں دیا جائے گا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ درخواست کا پروفارما صدر دفتر تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی، چوتھی منزل حج ہاوز نامپلی حیدرآباد سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پروفارما کی زیراکس کاپی بھی قابل قبول ہوگی۔

TOPPOPULARRECENT