Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / ریاست میں اراضیات کا جامع سروے ، تفصیلات آن لائن دستیاب ہوں گی

ریاست میں اراضیات کا جامع سروے ، تفصیلات آن لائن دستیاب ہوں گی

محکمہ مال کا سروے ، 3500 عہدیداروں کی خدمات حاصل ، فرضی دستاویزات کے ذریعہ اراضی منتقلی کا چلن ختم
حیدرآباد۔8اگسٹ (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں موجود اراضیات کا جامع سروے کیا جائے گا۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ریاست میں موجود اراضیات کے متعلق تمام تفصیلات اکٹھا کی جائیں گی۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے جائزہ اجلاس کے بعد جو فیصلہ کیا گیا ہے اس کے مطابق آئندہ ماہ محکمہ مال کے عہدیداروں کی جانب سے دیگر متعلقہ محکمہ جات سے تعاون حاصل کرتے ہوئے یہ سروے کیا جائے گا اور اس سروے کیلئے 3500عہدیداروں کی خدمات حاصل کی جائے گی۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاست کے 10ہزار 850 مواضعات میں کھلی اراضیات کے سروے اور ان کے مالکان کی تفصیلات آن لائن رکھی جائیں گی۔ سروے مکمل کئے جانے کے بعد تمام تفصیلات گرام پنچایت کے حوالے کی جائیں گی اور اس کے بعد ہونے والی تمام اراضیات کی تمام منتقلیوں کے متعلق ایس ایم ایس کے ذریعہ مطلع کیا جاتا رہے گا۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس سے فرضی دستاویزات اور بغیر اطلاع اراضیات منتقل کرنے کی شکایات کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔ریاست میں موجود اراضیات کے ریکارڈس کو محفوظ کرنے کیلئے موجود ادارہ سی سی ایل اے کو تمام اراضیات کی منتقلی و فروخت کے ریکارڈس رکھنے کا مجاز گردانا جائے گا اور تمام متعلقہ اداروں سے سی سی ایل کو اراضیات کی تفصیلا ت روانہ کردی جائیں گی۔ بتایاجاتا ہے کہ اس سروے کا مقصد ریاستی حکومت اراضیات کے حقیقی مالکین کا پتہ لگانے کے علاوہ ان کے استعمال اور ریکارڈس کو یکجا کرتے ہوئے ریاست میں موجود سرکاری اراضیات کی نشاندہی کو ممکن بنانے کے اقدامات کر رہی ہے۔ اسی لئے آئندہ ماہ کسی بھی وقت اراضیات کا یہ جامع سروے شروع کیا جا سکتا ہے جس میں چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی شخصی دلچسپی ہے۔

TOPPOPULARRECENT