Tuesday , April 24 2018
Home / Top Stories / ریاست میں پارکنگ فیس کی برخواستگی

ریاست میں پارکنگ فیس کی برخواستگی

محکمہ بلدی نظم و نسق کے احکام ۔ شاپنگ کامپلکس و تھیٹرس بھی شامل
حیدرآباد۔20مارچ(سیاست نیوز) ریاست میں اب کسی بھی پارکنگ کے مقام پر فیس وصول نہیں کی جاسکے گی۔ محکمہ بلدی نظم و نسق نے اس سلسلہ میں احکام جاری کردیئے ہیں اور اب یکم اپریل سے کسی بھی ملٹی پلکس تھیٹر یا شاپنگ کامپلکس میں فلم دیکھنے یا خریداری کیلئے جانے والوں کو پارکنگ فیس ادا نہیں کرنی ہوگی بلکہ شاپنگ کامپلکس میں شاپنگ کی بل پیش کرنے پر فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ احکام کے مطابق پہلے 30منٹ تک کسی سے بھی پارکنگ فیس وصول نہیں کی جائے گی جبکہ شاپنگ مال میں خریداری کرنے والے گاہک اگر پارکنگ کے مقام پر خریداری کی بل پیش کریں تو ایک گھنٹہ تک ان سے پارکنگ فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ ملٹی پلکس تھیٹر میں گاڑی پارک کرنے والوں کو فلم کی ٹکٹ پیش کرنی ہوگی اور فلم جتنی دیر کی ہوگی اتنی دیر تک انہیں پارکنگ فیس ادا نہیں کرنی ہوگی۔ مسٹر اروند کمار آئی اے ایس پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم ونسق کے جاری کردہ احکام میں یہ بات واضح کی گئی ہے کہ عمارتوں کے تعمیری قوانین کے مطابق عمارتوں کے مالکین اور کامپلکس مالکین کی ذمہ داری ہے کہ وہ گاہکوں و صارفین کیلئے پارکنگ کی سہولت فراہم کریں ۔ مسٹر اروند کمار نے بتایا کہ متعدد مقامات سے شکایات وصول ہو رہی ہیں کہ من مانی پارکنگ فیس کی وصولی کی جا رہی ہے اسی لئے حکومت نے نئی پالیسی تیار کی ہے اور اس کے مطابق اب حکومت کی جانب سے طئے کردہ پارکنگ فیس کی وصولی ہی کی جا سکے گی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے کافی غور و خوص کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ اور یہ پالیسی تیار کی ہے اس پالیسی کی تیاری میں ان کمرشیل کامپلکس اور ملٹی پلکس مالکین کو در پیش مسائل کا بھی جائزہ لیا گیا ہے اور ان کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی گئی ہے اسی لئے اس نئی پالیسی پر کسی کو اعتراض نہیںہونا چاہئے اور بلڈنگ قوانین کے مطابق ملازمین اور ویزیٹرس کی پارکنگ کی سہولت فراہم کرنا لازمی ہے اسی بات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

TOPPOPULARRECENT