Monday , November 20 2017
Home / جرائم و حادثات / ریاست نگر میں پولیس کا کارڈن سرچ گھروں کی تلاشی

ریاست نگر میں پولیس کا کارڈن سرچ گھروں کی تلاشی

40 مشتبہ افراد بشمول روڈی شیٹرس گرفتار
حیدرآباد ۔ /16 مارچ (سیاست نیوز) ساؤتھ زون پولیس نے آج صبح کی اولین ساعتوں میں پرانے شہر کے علاقے ریاست نگر میں کارڈن سرچ آپریشن کیا جس میں گھر گھر تلاشی مہم کے دوران 40 مشتبہ افراد بشمول روڈی شیٹرس کو حراست میں لے لیا گیا اور ان کے قبضے سے مہلک ہتھیار بھی برآمد کرلیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائینا نے بتایا کہ پرانے شہر میں عوام میں احساس تحفظ کو فروغ دینے اور غیرسماجی عناصر کی غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے وقفہ وقفہ سے تلاشی مہم لی جارہی ہے جس کے تحت ریاست نگر علاقہ میں 300 پولیس ملازمین پر مشتمل 20 پولیس ٹیموں نے گھر گھر تلاشی لی ۔ انہوں نے بتایا کہ اس کارروائی کے دوران پولیس نے 40 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جس میں 20 روڈی شیٹرس شامل ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ تلاشی مہم کے دوران خطرناک روڈی شیٹر اعظم علی خان کو حراست میں لیکر اس کی تلاشی لی گئی جس میں اس کے قبضے سے 5 مہلک ہتھیار برآمد ہوئے ۔ اسی طرح پولیس نے محمد سراج عرف سٹہ سراج ، شیخ مقبول ، خواجہ ریاض الدین ، عرف جنگلی ریاض کو حراست میں لے لیا۔  ساؤتھ زون پولیس نے مارپیٹ کے واقعہ میں ملوث دو افراد محمد عرفان اور محمد سرفراز جن کے خلاف سنتوش نگر پولیس اسٹیشن میں ایک مقدمہ درج ہے اور وہ گرفتاری سے بچتے ہوئے پولیس کو چکمہ دے رہے تھے ۔ پولیس نے تلاشی مہم کے دوران انہیں گرفتار کرلیا ۔ جبکہ ایک اور ملزم محمد ضیاء اللہ کو بھی گرفتار کرلیا ۔ کارڈن سرچ آپریشن میں ساؤتھ زون پولیس نے 123 موٹر سائیکلیں ، 7 آٹوز ، دو کاریں اور 6 مہلک ہتھیار برآمد کرلئے ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT