Tuesday , November 13 2018
Home / Top Stories / ریاست کیلئے لفافہ بند چیف منسٹر شرابی چیف منسٹر سے بہتر

ریاست کیلئے لفافہ بند چیف منسٹر شرابی چیف منسٹر سے بہتر

ہریش راو کار ڈرائیور تبدیل کرنے کوشاں۔کانگریس لیڈر ریونت ریڈی کا ریمارک
حیدرآباد۔ 8 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس ورکنگ پریسیڈنٹ ریونت ریڈی نے کارگذار چیف منسٹر کے سی آر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کیلئے شرابی چیف منسٹر سے بند لفافہ کا چیف منسٹر بہتر ہے۔ ہریش راؤ سے ملاقات کے بعد ہی ٹی آر ایس قائد نرسی ریڈی نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی اس سے اندازہ ہوگیا کہ ہریش راؤ کار ڈرائیور کو تبدیل کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ راز فاش ہونے کے بعد ہریش راؤ ٹی آر ایس سے جھوٹی وفاداری نبھانے کانگریس اور عظیم اتحاد کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔ دہلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ ہریش راؤ ٹی آر ایس میں ذلت کی زندگی گذار رہے ہیں۔ خاندان میں اختلافات ہیں ۔ ہریش راؤ نے ٹی آر ایس کو یرغمال بنا لینے کی سازش تیار کی جس کا کے سی آر اور کے ٹی آر کو پتہ چل گیا جس کے بعد خاندان میں مشورے کے بعد ہریش راؤ کو حاشیہ پر رکھ دیا گیا ۔ بظاہر کے ٹی آر نے ہریش راؤ سے اختلافات کی تردید کی مگر دونوں ایک دوسرے کو زیر کرنے وقت کا انتظار کررہے ہیں۔ ہریش راؤ اسمبلی حلقہ گجویل میں رہ کر ماموں کے خلاف کھچڑی پکا رہے ہیں۔ کانگریس امکانی امیدوار پرتاپ ریڈی نے پہلے نامعلوم نمبر سے ٹیلیفون کرکے کے سی آر کو شکست دینے میں تعاون کا ہریش راؤ سے تیقن ملنے کا دعویٰ کیا ہے۔ میدک کے رکن پارلیمنٹ کے پربھاکر ریڈی نے گجویل میں رہ کر گزشتہ ماہ 25 اکتوبر کو ٹی آر ایس کے قائد نرسی ریڈی کو لے کر ہریش راؤ کے کوارٹر پہنچ کر 3 گھنٹوں تک خفیہ تبادلہ خیال کیا تھا جس کے دوسرے ہی دن نرسی ریڈی دہلی پہنچ کر کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ہریش راؤ، کارگذار چیف منسٹر کے سی آر کے خلاف کتنے ناراض ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ایک طرف کے ٹی آر کار ڈرائیور کو تبدیل نہ کرنے کے عوام سے اپیل کررہے ہیں۔ دوسری طرف ہریش راؤ ڈرائیور تبدیل کرنے کوشاں ہیں۔ انہوں نے 25 اکتوبر کو شام 7 بجے سے رات ایک بجے تک منسٹر کوارٹرس میں کتنی گاڑیاں آئیں اس کی تفصیلات سی سی کیمرے دیکھ کر منظر عام پر لانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ہریش راؤ اپنا سَر بھی قلم کرلیں تو کارگذار چیف منسٹر کے سی آر ان پر بھروسہ نہیں کرینگے ۔ ہریش راؤ سے کے سی آر اچھی طرح واقف ہیں۔

TOPPOPULARRECENT