Monday , September 24 2018
Home / اضلاع کی خبریں / ریاست کی پوری آمدنی عوام پر خرچ کی جائے گی

ریاست کی پوری آمدنی عوام پر خرچ کی جائے گی

جگتیال میں آسرا پنشن اسکیم کے افتتاحی پروگرام سے ریاستی وزیر فینانس ایٹالہ راجندر کا خطاب

جگتیال میں آسرا پنشن اسکیم کے افتتاحی پروگرام سے ریاستی وزیر فینانس ایٹالہ راجندر کا خطاب
جگتیال۔/8نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) انتخابات سے قبل منشور میں کئے گئے وعدوں کو پورا کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر سیول سپلائیز و فینانس مسٹر ایٹالہ راجندر نے کیا ہے۔ آج جگتیال میں ریاستی حکومت کی جانب سے نئی اسکیم آسرا پنشن اسکیم کا آغاز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت چیف منسٹر کے سی آر ضعیف والدین میں محبت بانٹنا چاہتے ہیں اور گھر میں جتنے معذورین ہوں اتنے معذورین کو ہر ماہ 1500 روپئے اور ہر بیواہ کو ضعیف والدین کیلئے 1000روپئے وظیفہ دیا جائے گا اور یہی نہیں مطلقہ یا شوہر کی راہ فرار سے پریشان حال خواتین کیلئے ہر ماہ وظیفہ دینے کیلئے ریاستی حکومت اقدامات کررہی ہے اور تاڑی تاسندوں، بنکروں کو بھی ہر ماہ وظیفہ دیا جائے گا۔ انہوں نے عہدیداران کو انتباہ دیا کہ ہر مستحق کو سرکاری اسکیمات سے استفادہ کروانا ان کی ذمہ داری ہے۔ ایک مستحق بھی محروم نہ رہے۔سابق حکومت میں سفید راشن کارڈ پر راشن اور مختلف وظائف کیلئے 2ہزار کروڑ سالانہ خرچ کئے جاتے تھے لیکن نئی ریاست تلنگانہ میں کئی ایک مشکلات کے باوجود چیف منسٹر کے سی آر نے سالانہ 6ہزار کروڑ خرچ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ نئی ریاست میں سڑکوں کی تعمیر اور الیکٹریسٹی اور پینے کے پانی کے مسائل ہیں۔ ان تمام کی یکسوئی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ریاست کی جو بھی آمدنی ہوگی عوام پر خرچ کی جائے گی۔ تلنگانہ کے قیام کے بعد ہر تعلیم یافتہ نوجوان کو ملازمت کا وعدہ کیا گیا تھا اس کو بھی پورا کیا جائے گا۔ سب سے پہلے پانی کے مسئلہ کو حل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے جس کے تحت 9ہزار تالابوں کی مرمت کی جائے گی۔ تالابوں کے مرمتی کاموں کی اسکیم کا آغاز بھی ضلع کریم نگر کے جگتیال ڈیویژن سے کرنے کا تیقن دیا۔ انہوں نے آندھرائی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ تلنگانہ علاقہ کو برباد کردیا گیا لیکن ہم بہت جلد اس کو سنہرے تلنگانہ میں تبدیل کردیں گے جس کے لئے عوام کے تعاون کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں برقی کا مسئلہ آندھرا حکومت کی دین ہے جبکہ ہم نے سابق میں کئی بار اسمبلی میں آواز اٹھائی۔ برقی مسئلہ کو اندرون تین سال حل کرلیا جائے گا اور ہر موضع میں 24گھنٹے برقی سربراہ کی جائے گی۔ اس موقع پر رکن اسمبلی ٹی جیون ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے آسرا اسکیم کا جگتیال ڈیویژن میں آغاز پر خیرمقدم کیا اور کہا کہ بیواؤں کیلئے ڈیتھ سرٹیفکیٹ کا لزوم برخواست کیا جائے یا نہیں تو سرٹیفکیٹ کی فراہمی کیلئے حکومت کی جانب سے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں زندگی گذر بسر کرنے والوں کی سالانہ آمدنی میں 2لاکھ روپئے اور مواضعات کے 1.5لاکھ روپئے حکومت کی جانب سے بنائے گئے منصوبہ کی ستائش کی اور اس پر جلد سے جلد عمل آوری کرنے کا مطالبہ کیا۔ ہر مستحق تک سرکاری اسکیمات کو پہنچانے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر جوائنٹ کلکٹر سرفراز احمد نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مختلف وظائف کیلئے ضلع میں 5لاکھ درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن کی تنقیح کا کام جاری ہے۔ ہر مستحق تک وظائف اور دیگر اسکیمات کو پہنچانا حکومت کا مقصد ہے جس کیلئے سرکاری طور پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ قبل ازیں آر ڈی او جگتیال مس پدماکر نے ریاستی چیف منسٹر کا پیغام پڑھ کر سنایا اور ایم پی ڈی او سری لتا ریڈی نے حلقہ جگتیال سارنگا پور رائیکل منڈل اور بلدیہ جگتیال کے تمام وظیفہ حاصل کرنے والوں کی تفصیلات بتائی۔ اس موقع پر اس اسکیم کا آغاز ریاستی وزیر ایٹالہ راجندر نے شمع جلا کر کیا۔ اس موقع پر بلدیہ چیرپرسن ٹی وجیہ لکشمی اور وائس چیرمین سراج الدین منصور، منڈل پریسیڈنٹ مانسا اور تحصیلدار پرامود اور دیگر منڈل صدور، زیڈ پی ٹی سیز کے علاوہ جگتیال حلقہ کے تین منڈلوں اور شہر جگتیال کے استفادہ کنندگان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

TOPPOPULARRECENT