Saturday , August 18 2018
Home / Top Stories / ریاست کے آبپاشی پراجیکٹس کی عاجلانہ تکمیل حکومت کی اولین ترجیح

ریاست کے آبپاشی پراجیکٹس کی عاجلانہ تکمیل حکومت کی اولین ترجیح

کالیشورم پراجیکٹ، سندیلا بیاریج کے تعمیری کاموں کا جائزہ ، چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا بیان
حیدرآباد۔ 7 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے آج جئے شنکر بھوپال پلی ضلع میں کالیشورم پراجیکٹ کے معائنے کے طور پر سندیلا بیریج کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے وزیر آبپاشی ہریش رائو اور مقامی عوامی نمائندوں کے ہمراہ بیریج کے تعمیری کاموں کے سلسلہ میں تصویری نمائش کا معائنہ کیا جس میں عہدیداروں نے پراجیکٹ کا نقشہ اور دیگر تفصیلات پیش کی ہیں۔ انہوں نے انجینئرس اور دیگر عہدیداروں کو ضروری ہدایات جاری کی اور کہا کہ مقررہ وقت پر یہ کام مکمل کیا جانا چاہئے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر ان دنوں کالیشورم پراجیکٹ کے کاموں کا جائزہ لینے کے لیے تین روزہ دورے پر ہیں۔ چیف منسٹر نے گولی واڑہ میں تعمیر کیے جارہے پمپ ہائوز کے تعمیری کام کا بھی جائزہ لیا۔ ریاستی وزراء ہریش رائو، ای راجندر، ارکان پارلیمنٹ ونود کمار، بی سمن، ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی، چیف سکریٹری ایس پی سنگھ، محکمہ آبپاشی کے عہدیدار ایس کے جوشی، جینکو کے منیجنگ ڈائرکٹر پربھاکر رائو، ضلع کلکٹر بھوپال پلی مرلی اور عوامی نمائندے اس موقع پر موجود تھے۔ چیف منسٹر نے اس موقع پر کہا کہ ریاست میں تمام آبپاشی پراجیکٹس کو مقررہ مدت میں تکمیل کرنا حکومت کا اولین مقصد ہے تاکہ کسانوں کو حکومت کے وعدے کے مطابق پانی سیراب کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی تمام فصلوں کو موثر پانی کی سربراہی کے ذریعہ کسانوں میں خوشحالی لائی جائے گی۔ چیف منسٹر نے تعمیری کام میں مصروف انجینئرس اور دیگر عہدیداروں سے مختلف سوالات کرتے ہوئے پراجیکٹس کی مقررہ مدت میں تکمیل کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تعمیری کاموں کے سلسلہ میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے پراجیکٹ کی تعمیر کے سلسلہ میں اراضی کے حصول اور پراجیکٹ سے سیراب ہونے والے علاقوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ چیف منسٹر نے ڈائرکٹر جنرل پولیس کو ہدایت دی کہ وہ پڑوسی ریاستوں کے عہدیداروں سے ربط میں رہیں اور پراجیکٹ کی تکمیل میں کسی بھی رکاوٹ کی کوششوں کو ناکام بنائیں۔ چیف منسٹر نے پراجیکٹس کے لیے تمام ضروری سڑکوں کی تعمیر کی ہدایت دی انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کو یہ بات ذہن نشین رکھنی چاہئے کہ حکومت آبپاشی پراجیکٹس کی تکمیل میں سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ضلع میں کسان فصلوں کے لیے درکار پانی سے محروم نہیں رہیں گے۔

TOPPOPULARRECENT