Tuesday , June 19 2018
Home / شہر کی خبریں / ریاست کے عازمین حج کے انتخاب کیلئے 17اپریل کو قرعہ اندازی

ریاست کے عازمین حج کے انتخاب کیلئے 17اپریل کو قرعہ اندازی

ضلع واری سطح پر کمپیوٹر ائزڈ قرعہ اندازی عمل میں آئیگی، پروفیسر ایس اے شکور کا اعلان

ضلع واری سطح پر کمپیوٹر ائزڈ قرعہ اندازی عمل میں آئیگی، پروفیسر ایس اے شکور کا اعلان
حیدرآباد۔/9اپریل، ( پریس نوٹ ) آندھرا پردیش کے عازمین حج کے انتخاب کیلئے مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے جمعرات 17اپریل کو 11 بجے دن احاطہ حج ہاوز نامپلی حیدرآباد میں قرعہ اندازی عمل میں آئے گی۔ اسپیشل آفیسر آندھرا پردیش اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے یہ اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ قرعہ اندازی کمپیوٹرائزڈ اور ضلع واری سطح پر ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال ریاست بھر میں جملہ 18080 درخواستیں وصول ہوئیں جن میں 16608 نئے درخواست گذار ہیں اور قرعہ اندازی ان ہی نئے درخواست گذاروں میں سے ہوگی۔

70سال سے زائد عمر کے عازمین اور چوتھی مرتبہ درخواست دینے والے محفوظ زمروں کے1472 عازمین کا قرعہ اندازی کے بغیر ہی راست انتخاب عمل میں آچکا ہے۔ ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے احاطہ حج ہاوز نامپلی میں قرعہ اندازی کی تقریب کے لئے بڑے پیمانہ پر انتظامات شروع کردیئے گئے ہیں۔ خواتین کیلئے علحدہ انتظام کیا گیا ہے۔ مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے تاحال ریاست کے کوٹہ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ ایکزیکیٹو آفیسر ریاستی حج کمیٹی جناب عبدالحمید نے بتایا کہ سب سے زیادہ 9740 درخواستیں حیدرآباد سے وصول ہوئی ہیں جن میں 8839 نئے درخواست گزار اور 901 محفوظ زمرہ کے عازمین شامل ہیں۔ سب سے کم درخواستیں ضلع سریکاکلم سے پانچ اور وجیا نگرم سے 12وصول ہوئی ہیں۔ ان دو اضلاع میں محفوظ زمرے کے کسی عازم نے درخواست نہیں دی ہے۔

TOPPOPULARRECENT