Monday , June 25 2018
Home / شہر کی خبریں / ریاست کے مزید تین حجاج کے قافلے مدینہ منورہ پہونچ گئے

ریاست کے مزید تین حجاج کے قافلے مدینہ منورہ پہونچ گئے

مسجد نبویؐ میں عبادتوں میں مصروف ، حج کمیٹی کا انڈین حج مشن کے عہدیداروں سے ربط

مسجد نبویؐ میں عبادتوں میں مصروف ، حج کمیٹی کا انڈین حج مشن کے عہدیداروں سے ربط
حیدرآباد۔13۔اکتوبر (سیاست نیوز) ریاستی حج کمیٹی سے تعلق رکھنے والے حجاج کرام کے تین قافلے مدینہ منورہ پہنچ گئے جہاں وہ مسجد نبویؐ میں عبادتوں میں مصروف ہیں۔ تقریباً 1050 حجاج کرام ابھی تک مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں اور تمام بخیر و عافیت ہیں۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ ہفتہ سے حجاج کرام کے قافلوں کی مدینہ منورہ روانگی کا آغاز ہوا اور تیسرا قافلہ آج پیر کے دن مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ پہنچا۔ وہ انڈین حج مشن کے عہدیداروں سے مسلسل ربط میں ہیں اور مدینہ منورہ میں حجاج کرام کے قیام و طعام کے انتظامات سے واقفیت حاصل کر رہے ہیں۔ پہلی مرتبہ مدینہ منورہ میں حجاج کرام کیلئے طعام کا انتظام کیا گیا ہے جس کیلئے ان سے کوئی زائد رقم وصول نہیں کی گئی۔ طعام کے انتظامات کیلئے سعودی عرب کی ایک بڑی کیٹرنگ کمپنی کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حجاج کرام کا چوتھا قافلہ جو 350 افراد پر مشتمل ہے، منگل کے دن مدینہ منورہ پہنچے گا۔ حجاج کرام کیلئے کم از کم 9 دن مدینہ منورہ میں قیام کو یقینی بنانے کے انتظامات کئے گئے ہیں اور 9 دن کی تکمیل کے بعد قافلے مدینہ منورہ سے براہ راست حیدرآباد کیلئے پرواز کریں گے۔ اسی دوران حیدرآباد کے ریاست نگر علاقہ سے تعلق رکھنے والے 78 سالہ حاجی ایم اے ستار طبیعت بگڑ جانے کے باعث سعودی ایر لائین سے آج صبح حیدرآباد واپس ہوگئے ۔ اگرچہ ان کی واپسی کیلئے ابھی کچھ دن باقی تھے لیکن طبیعت بگڑ جانے کے سبب ان کی جلد روانگی کا انتظام کیا گیا۔ کڑپہ سے تعلق رکھنے والے ایک عازم جن پر فالج کا حملہ ہوا ہے، وہ بھی جلد واپسی کے خواہاں ہیں۔ حج کمیٹی ان کی جلد واپسی کے لئے سعودی ایرلائینس سے انتظامات کی مساعی کر رہی ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ مدینہ منورہ پہنچنے والے تینوں قافلوں کے حجاج کرام کا تعلق تلنگانہ سے ہے۔ حجاج کی واپسی کا 20 اکتوبر سے آغاز ہوگا اور 350 حجاج پر مشتمل پہلا قافلہ مدینہ منورہ سے حیدرآباد پہنچے گا۔ آخری قافلہ 3 نومبر کو حیدرآباد پہنچے گا۔

TOPPOPULARRECENT