Saturday , July 21 2018
Home / Top Stories / ریتو بندھو اسکیم محض ایک انتخابی شعبدہ ‘ اتم کمار ریڈی

ریتو بندھو اسکیم محض ایک انتخابی شعبدہ ‘ اتم کمار ریڈی

حکومت زرعی پیداوار کی امدادی قیمت میں 25 فیصد اضافہ کرے ۔ صدر پردیش کانگریس
حیدرآباد 10 مئی ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ پردیش کانگریس نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے آج شروع کی گئی ریتو بندھو اسکیم کو ایک انتخابی شعبدہ قرار دیا ۔ پارٹی نے مطالبہ کیا کہ زرعی برادری کی حقیقی مدد کیلئے تمام زرعی پیداوار پر اقل ترین امدادی قیمت میں 25 فیصد اضافہ کیا جانا چاہئے ۔ صدر پردیش کانگریس کیپٹن اتم کمار ریڈی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے جی او 421 کے تحت 6 لاکھ روپئے کا معاوضہ ایسے کسی بھی خاندان کو ادا نہیں کیا جن کے کسانوں نے خود کشی کرلی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ٹی آر ایس حکومت کے پاس کسانوں کو معاوضہ ادا کرنے کیلئے رقم نہیں ہے وہیں چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کے پاس متوفی کسانوں کے افراد خاندان سے ملاقات کا وقت بھی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ چار سال کے دوران 6.75 لاکھ کروڑ روپئے کا بجٹ پیش کیا گیا اور اضافی 2.5 لاکھ کروڑ روپئے قرض حاصل کیا گیا لیکن زرعی پیداوار کیلئے ایک روپئے کی بھی امدادی قیمت نہیں دی گئی ہے ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ریاستی حکومت نے دوسری ریاستوں جیسے راجستھان اور کرناٹک میں اخبارات میں اشتہارات شائع کرواتے ہوئے کروڑہا روپئے صرف کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریتو بندھو اسکیم کے افتتاح کے سلسلہ میں راجستھان ‘ کرناٹک کے علاوہ دوسری ریاستوں کے اخبارات میں مکمل صفحہ کے اشتہارات شائع کئے گئے ہیں۔ صدر پردیش کانگریس نے سوال کیا کہ ان اشتہارات کی اشاعت سے ریاست کے کسانوں کو کیا فائدہ ہوگا ؟ ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کو چاہئے کہ ریاست میں تمام زرعی پیداوار کیلئے امدادی قیمت میں 25 فیصد کا اضافہ کرے اگر وہ واقعی کسانوں کی مدد کے معاملہ میں سنجیدہ ہے ۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ سابقہ کانگریس زیر قیادت یو پی اے حکومت نے کسانوں کے قرضہ جات بیک وقت معاف کئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو اگر 2019 کے اسمبلی انتخابات میں اقتدار حاصل ہوتا ہے تو وہ کسانوں کے دو لاکھ روپئے تک کے قرض بیک وقت معاف کریگی ۔

TOPPOPULARRECENT