Monday , September 24 2018
Home / شہر کی خبریں / ریستوران اور طعام خانوں سے فروخت والی اشیاء کی جانچ

ریستوران اور طعام خانوں سے فروخت والی اشیاء کی جانچ

اشیاء کے معیار پر رپورٹس منظر عام پر ، فوڈ سیفٹی آن وہیل لیباریٹری سے بروقت معائنہ
حیدرآباد۔14فروری(سیاست نیوز) شہر میں موجود ریستوراں اور طعام خانوں کے علاوہ سڑک کے کنارے فروخت کئے جانے والے اشیائے تغذیہ کے معیار کی جانچ میں حائل مشکلات اب بتدریج ختم ہوتی جائیں گی کیونکہ ’’فوڈ سیفٹی آن وہیل‘ ‘ نامی لیباریٹری اب مختلف علاقو ں میں گشت کرتے ہوئے اشیائے خورد و نوش کے نمونے حاصل کرے گی اور ان اشیاء کے معیار کے متعلق رپورٹ منظر عام پر لائی جائے گی۔ شہر حیدرآباد میں اشیائے خورد نوش کے علاوہ تیل‘ دودھ و دیگر اشیاء میں ملاٹ کی شکایات عام ہوتی جا رہی ہیں اور ان شکایات سے نمٹنے کے لئے متعدد اقدامات بھی کئے جا رہیہیں لیکن اس کے باوجود بھی شہر بالخصوص نواحی علاقوں میں بھی معیاری اشیاء خورد و نوش کے عدم استعمال کے سلسلہ میں کئی شکایات موصول ہوچکی ہیں اور اس کے باوجود اب بھی کئی مقامات پر غیر معیاری اشیائے خورد و نوش کی فروخت اور ملاوٹ شدہ تیل و دودھ کے علاوہ گھی وغیرہ کی تیاری کا سلسلہ عروج پر ہے۔ فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈ اتھاریٹی آف انڈیا (FSSAI) کی جانب سے موبائیل وہیکل کے ذریعہ شروع کردہ لیباریٹری میں ان اشیاء کے فوری معائنہ کی سہولت دستیاب رہے گی۔ بتایاجاتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد کی جانب سے بھی اس موبائیل لیباریٹری کی خدمات حاصل کی جائیں گی اور اس کے ذریعہ ریستوراں اور طعام خانوں میں سربراہ کئے جانے والے اشیائے خورد و نوش کی جانچ کو ممکن بنایاجائے گا۔ بتایاجاتاہے کہ اس لیباریٹری میں 50مختلف اقسام کے معائنوں کی گنجائش موجود ہے اور موجودہ معائنہ کے طریقہ ٔ کار میں بھی بڑی راحت حاصل ہوسکتی ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے شروع کردہ اس موبائیل لیباریٹری کے متعلق کہا جا رہاہے کہ ابتداء میں اس کی خدمات نواحی علاقوں میں حاصل کی جائیں گی اور بہت جلد شہری علاقوں کے لئے ایک اور موبائیل لیباریٹری کا آغاز کیا جائے گا جو کہ فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈ اتھاریٹی آف انڈیا کی جانب سے فراہم کی جا رہی ہیں۔ ماہرین کا کہناہے کہ اس لیباریٹری سے جونئیرس کی تربیت کا بھی موقع میسر آئے گا اور شہریو ںکو بھی معیاری غذاء کی فراہمی کے امکانات میں اضافہ ہوتا چلا جائے گا۔ شہر میں فروخت کئے جانے والے ناقص اشیائے خورد و نوش کے سبب شہریوں کی صحت متاثر ہورہی ہے اور صحت کو متاثرہونے سے بچانے کیلئے کئے جانے والے متعدد اقدامات میں بلدیہ کی جانب سے اس لیباریٹری کے استعمال کے ذریعہ فوری رپورٹس کی اجرائی اور خاطیوں کے خلاف کاروائی سے ملاوٹ شدہ اشیاء کی فروخت میں کمی آنے کے قوی امکانات ہیں۔

TOPPOPULARRECENT