Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / ریسٹورنٹس کی تفصیلات پر مبنی موبائیل ایپ کی تیاری

ریسٹورنٹس کی تفصیلات پر مبنی موبائیل ایپ کی تیاری

حیدرآباد۔17اکٹوبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میں موجودطعام خانوں میں صفائی اور پکوانوں کے معیار کے متعلق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شروع کردہ مہم کے ماند پڑتے ہی ریستوراں مالکین کی من مانی کا دور شروع ہوگیا ہے لیکن مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر میں صفائی کے امور بالخصوص کچرے کی نکاسی‘ جاروب کشی‘ ریستوراں اور ہاسپٹلس میں عدم صفائی کے علاوہ دیگر شکایات کی یکسوئی کے لئے علحدہ موبائیل ایپلیکیشن شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔ بتایا جاتاہے کہ شہرکے بلدی حدود میں موجود طعام خانوں اور ریستوراں کے علاوہ بار س میں فراہم کئے جانے والے اشیائے خورد و نوش کے سلسلہ میں بلدیہ کی جانب سے ایک مرتبہ پھر سے مہم شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق شہر حیدرآباد کے سرکردہ ہوٹلوں بالخصوص ان ریستورانوں کی فہرست تیار کی جا رہی ہے جنہیں گذشتہ چالان کئے جا چکے ہیں اور ان ریستورانوں پر ایک مرتبہ پھر سے دھاوا کرتے ہوئے ہوٹل میں صفائی کے علاوہ گوشت کے استعمال اور اشیائے خورد و نوش کے معیار کی جانچ کی جائے گی۔ شہر حیدرآباد و سکندرآبادکے علاوہ نواحی علاقو ںمیں موجود اشیائے خورد و نوش فراہم کرنے والے اداروں کی مکمل تفصیلات اکٹھا کی جا رہی ہیں اور بتایا جاتاہے کہ ان مراکز کی تفصیل اس نئے ایپلیکیشن پر موجود رہیں گی جس میں ان اداروں کے لائسنس اور دیگر تفصیلات بھی فراہم کی جائیں گی تاکہ گاہکوں اور صارفین کو شکایات کرنے میں آسانی ہو سکے۔ بتایاجاتا ہے کہ بلدی عہدیداروں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اب ہوٹلوں کو چالان پر اکتفاء نہیں کریں گے بلکہ جن ہوٹلوں کو سابق میں چالانات کئے جا چکے ہیں انہیں مقفل کرتے ہوئے مہر بند کرنے اور ان کے لائسنس کی تنسیخ کو یقینی بنایا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT