Wednesday , December 13 2017
Home / اضلاع کی خبریں / ریلوے مسافرین کیلئے کئی اسکیمات روبہ عمل‘ایڈیشنل ٹریفک منیجر پی سی ٹمٹا کا بیان

ریلوے مسافرین کیلئے کئی اسکیمات روبہ عمل‘ایڈیشنل ٹریفک منیجر پی سی ٹمٹا کا بیان

بیدر۔7؍نومبر۔(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ملک میں عوام کی سہولت کیلئے وزارتِ ریلوے نے بہت سارے منصوبوں کو لانچ کیا ہے ۔جس میں اے کلاس ریلوے اسٹیشنوں پر وائی فائی کے علاوہ سیکیوریٹی ہیلپ لائین ‘موبائیل ٹائیلیٹ سسٹم ‘خواتین کی حفاظت کیلئے ایس ایم ایس سرویس وغیرہ خدمات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔بی کلاس ریلوے اسٹیشن میں بیدر کے ریلوے اسٹیشن بشمول ملک کے دیگر ریلوے اسٹیشنوں پر بھی یہ خدمات عنقریب شروع کی جائیں گی ۔ان خیالات کا اِظہار سکندرآباد ریلوے ڈیویژن کے ایڈیشنل ٹرافک منیجر مسٹر پی سی ٹمٹا نے بیدر ریلوے اسٹیشن پر ایک پریس کانفرنس میںصحافیوں سے کہی ۔انھوں نے کہا کہ مذہبی مقامات کے سفر کیلئے زائرین کو اور بھی معقول سہولتیں فراہم کرنے کاپروگرام بنایا گیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ ان خدمات سے عوام میں اطمینان پایا جارہا ہے جس کے بہتر نتائج سامنے آئے ہیں ۔صحافی امین نواز نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ بیدراُردو کا گہوراہ ہے اور بیدر کے ریلوے اسٹیشن پر اُردو زبان میں بیدرتحریرکیا ہوا سائن بورڈ نہیں ہونے کی وجہ سے محبانِ اُردو و اُردو داں طبقے کو کافی پریشانی ہورہی ہے ‘اچانک اُردو بورڈ ریلوے اسٹیشن سے غائب ہوجانا ریلوے انتظامیہ پر اُردو کیساتھ دشمنی کا اِظہار سامنے آیا ہے ۔اس سوال پر مسٹر ٹمٹا نے فوری طور پر بیدر ریلوے اسٹیشن کے ذمہ دار آفیسر کو اس جانب خصوصی توجہ کراتے ہوئے ہندی‘ کنڑا انگریزی کیساتھ ساتھ اُردو زبان میں بیدر تحریر کیا ہو بورڈ فوری لگانے کا حکم دیا ۔صحافیوں نے مسٹر ٹمٹا سے بیدر ۔گُلبرگہ ریلوے لائین ‘ پِٹ لائن خانہ پور اور بیدر انٹر سٹی سے متعلق سوال کئے تو اس کا تشفی بخش جواب نہیںدے سکے ۔ایسا معلوم ہورہا تھا کہ وہ صرف ملک میں وزارت ریل کی تشہیر و تعریف کرنے کیلئے ہی پریس کانفریس طلب کئے ہیں ۔اس موقع پر سنئیر ایڈیشنل انجینئرمسٹر ٹی رامچندر ‘ڈی سی ایم مسٹررگھو ناتھ ریڈی اور دیگر ریلوے عہدیداران موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT