Friday , November 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / ریمنڈ کی میدان میں گرنے کے بعد موت

ریمنڈ کی میدان میں گرنے کے بعد موت

وینڈھوئیک۔21 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) نمیبیا کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین ریمنڈ وین اسکور میچ کے دوران سورج کی تپش کا شکار ہونے کے بعد اسپتال میں انتقال کرگئے اور اس حادثہ پر آئی سی سی نے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔25 سالہ ریمنڈ وین اسکور رواں ہفتے نمیبیا کے دارالحکومت وینڈھوئیک میں فری اسٹیٹ کی ٹیم کے خلاف نمیبیا کی جانب سے بیٹنگ کے دوران میدان  پر گر پڑے تھے جس کے بعد انھیں ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ پانچ دن زیر علاج رہنے کے بعد جانبر نہیں ہوسکے۔ وین اسکور کے ساتھی بیٹسمین نیکولس اسکولٹز نے کہا کہ انھوں نے بیٹنگ کے دوران گرمی کی شکایت کی اور پینے کے لئے پانی منگوایا تھا اور ایک یا دوگھونٹ پانی لیتے ہی وہ گر پڑے، میں نے اپنے ہاتھوں سے انھیں گرنے سے بچایا۔ ریمنڈ وین اسکور کو کومے کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا لیکن اس میچ کو جاری رکھا گیا جس میں انھوں نے 16 گیندوں پر 15 رنز بنائے تھے اور ان کی ٹیم کو اس میں کامیابی حاصل ہوئی۔ وین اسکور نے نمیبیا کی جانب سے اکتوبر2007 میں کینیڈا کے خلاف اپنے بین الاقوامی کیرئر کا آغاز کیا اور 173 فرسٹ کلاس میچوں میں 4ہزار سے زائدرنز بنائے۔ وین اسکور 2013 میں متحدہ عرب امارات میں منعقدہ آ ئی سی سی ورلڈ  ٹوئنٹی20  کوالیفائر ٹورنمنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے جہاں نمیبیا نے ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ انہوں  نے 54 کی اوسط سے 324 رنز بنائے تھے۔ نمیبیا کے کرکٹ بورڑ اور ساتھی کھلاڑیوں نے ان کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے وین اسکور کی موت پر سوگ کا اظہار کیا گیا ہے۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا  کہ ریمنڈ وین اسکور نمیبیا کرکٹ ٹیم کا مستقل رکن  تھے‘ میں آئی سی سی کی جانب سے ان کے خاندان ، دوستوں اور نمیبیا کرکٹ سے دکھ اور سوگ کا اظہار کرتاہوں۔

TOPPOPULARRECENT