Saturday , December 16 2017
Home / شہر کی خبریں / ریونت ریڈی اور لوکیش نائیڈو کو اہم عہدے ، چندرا بابو کا غور و خوض

ریونت ریڈی اور لوکیش نائیڈو کو اہم عہدے ، چندرا بابو کا غور و خوض

حیدرآباد ۔ 11 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : تلگو دیشم پارٹی میں بڑے پیمانے پر تنظیمی تبدیلیوں کے لیے مشاورت کا آغاز ہوگیا ہے ۔ صدر تلگو دیشم و چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے فرزند کو تلگو دیشم سنٹرل کمیٹی کا جنرل سکریٹری اور رکن اسمبلی ریونت ریڈی کو تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی کا صدر بنانے کا امکان ہے ۔ مسٹر این چندرا بابو نائیڈو تلگو دیشم پارٹی کو دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ ، آندھرا پردیش کے بشمول پڑوسی ریاستوں کرناٹک اور تاملناڈو میں توسیع دینے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہے واضح رہے کہ حال ہی میں منعقدہ تلگو دیشم کے مہاناڈو پروگرام میں چندرا بابو نائیڈو کو تلگو دیشم پارٹی سنٹرل کمیٹی کا صدر نامزد کرتے ہوئے ایک قرار داد منظور کی گئی تھی ۔ چندرا بابو نائیڈو دونوں تلگو ریاستوں میں تلگو دیشم کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ پڑوسی ریاستوں میں پارٹی کی سرگرمیوں کو توسیع دینے کی حکمت عملی تیار کرنے میں مصروف ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو کے فرزند نارا لوکیش سرگرم سیاست میںحصہ لے رہے ہیں اپنے والد کی کامیابی میں اہم رول ادا کرنے والے لوکیش تلنگانہ اور آندھرا پردیش کی تلگو دیشم سرگرمیوں میں اہم رول ادا کررہے ہیں ۔ پارٹی ارکان کی فلاح و بہبود کے لیے تشکیل دئیے گئے ادارہ میں سرپرست کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ تلگو دیشم پارٹی کے قائدین نارا لوکیش کو تلگودیشم سنٹرل کمیٹی کا جنرل سکریٹری نامزد کرنے کا چندرا بابو نائیڈو سے مطالبہ کررہے ہیں تاکہ دونوں ریاستوں کے تلگو دیشم قائدین سے رابطہ میں رہ سکے ۔ ووٹ برائے نوٹ سے اچانک سرخیاں بٹورنے والے تلگو دیشم کے رکن اسمبلی مسٹر ریونت ریڈی تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی کی صدارت کے لیے سب سے بڑے دعویدار بن کر ابھرے ہیں ۔ ویسے موجودہ صدر مسٹر ایل رمنا اور تلگو دیشم مقننہ پارٹی کے قائد مسٹر ای دیاکر راؤ بھی صدارت کی دوڑ دھوپ میں شامل ہیں ۔ یہ دونوں قائدین طبقہ کی بنیاد پر صدارت ملنے کی توقع کررہے ہیں ۔ تلنگانہ میں تلگو دیشم پارٹی نازک دور سے گذر رہی ہے ۔ تلگو دیشم کے کئی ارکان اسمبلی حکمران ٹی آر ایس میں شامل ہوگئے ہیں ۔ اسمبلی اور سڑکوں پر حکومت سے جم کر مقابلہ کرنے اور پارٹی قائدین کو متحد کر کے آگے چلنے والے قائد کی تلاش میں ہے ۔ تلگو دیشم حلقوں میں یہ افواہ گرم ہے کہ مسٹر ریونت ریڈی کو تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی کا صدر بنایا جاسکتا ہے ۔ اگر کسی وجہ سے صدر نہیں بنایا جاسکا تو اسمبلی میں تلگو دیشم پارٹی کا قائد بنانے کا بھی امکان ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT