Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / ریونت ریڈی کا کوڑنگل پہونچنے پر نعروں کی گونج میں استقبال

ریونت ریڈی کا کوڑنگل پہونچنے پر نعروں کی گونج میں استقبال

آج حامیوں کے ساتھ اجلاس۔ کئی تلگودیشم قائدین رابطے میں ہونے کی اطلاع
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : تلگو دیشم پارٹی اور اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے والے ریونت ریڈی نے 29 اکٹوبر کو اپنے حامیوں کا اجلاس طلب کیا ہے ۔ امراوتی سے کوڑنگل پہونچنے پر ان کے حامیوں نے نعروں کی گونج میں والہانہ استقبال کیا ۔ ہفتہ دس دن سے تلگو دیشم میں جاری بحران کے بعد ریونت ریڈی کے استعفوں سے ان کے واضح موقف کا اظہار ہوگیا ہے ۔ وہ اب تلگو دیشم پارٹی کا حصہ باقی نہیں رہے ۔ وہ شخصی طور پر چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کرکے تین صفحوں پر مشتمل مکتوب استعفیٰ انہیں دینا چاہتے تھے مگر اس کا موقع نہ ملنے پر سربراہ تلگو دیشم کے شخصی سکریٹری کو استعفیٰ دے کر اپنے اسمبلی حلقہ کوڑنگل ضلع محبوب نگر پہونچ گئے جہاں ان کے حامیوں نے ان کا بڑے پیمانے پر استقبال کیا ۔ انہیں کندھوں پر اٹھاتے ہوئے ریونت ریڈی زندہ باد کے نعرے لگائے ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ تلگو دیشم کے کئی قائدین ریونت ریڈی سے رابطے میں ہیں ۔ تلگو دیشم ریاستی جنرل سکریٹری بھوپال ریڈی نے ریونت ریڈی کے فیصلے کو حق بجانب قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ریونت ریڈی کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنے تیار ہیں ۔ تلنگانہ میں تلگو دیشم کے کئی قائدین پارٹی سرگرمیوں اور تلنگانہ کی موجودہ قیادت سے مطمئن نہیں ہے ۔ کئی قائدین پارٹی تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ریونت ریڈی نے بتایا کہ وہ 29 اکٹوبر کو صبح 9 بجے اسمبلی حلقہ کوڑنگل کے اپنے حامیوں کا ہنگامی اجلاس طلب کرچکے ہیں ۔ ان سے مشاورت کے بعد مستقبل کی حکمت عملی تیار کریں گے ۔ ریونت ریڈی کے حامیوں نے بتایا کہ ہمیں پارٹی نہیں ریونت ریڈی عزیز ہیں ۔ ان کا جو فیصلہ ہوگا ہمیں قبول ہوگا ۔ ریونت نے ان کے استقبال کیلئے پہونچنے والے حامیوں سے کہا کہ رات ہوچکی ہے سب اپنے گھروں کو جائیں کل اتوار کو صبح 9 بجے تمام امور پر بات کریں گے ۔ ریونت ریڈی نے اپنے استعفیٰ میں کسی کے خلاف کوئی شکایت نہیں کی ۔ صرف کے سی آر سے مقابلہ کرنے تلگو دیشم سے استعفی کی بات کہی ۔ چندرا بابو نائیڈو کو اپنے والد کے برابر قرار دیا اور ان کی دختر کی شادی میں جب وہ جیل میں تھے چندرا بابو نائیڈو اور ان کی شریک حیات کی ان کے ارکان خاندان سے اظہار یگانگت کو ناقابل فراموش قرار دیا ۔

TOPPOPULARRECENT