Saturday , December 16 2017
Home / شہر کی خبریں / ریونت ریڈی کو تلنگانہ تلگو دیشم کی ورکنگ پریسیڈنٹ عہدہ سے برطرف کرنے کی قرار داد منظور

ریونت ریڈی کو تلنگانہ تلگو دیشم کی ورکنگ پریسیڈنٹ عہدہ سے برطرف کرنے کی قرار داد منظور

تلگو دیشم پارٹی کا اہم اجلاس ، قومی صدر پارٹی چندرا بابو نائیڈو سے قائدین کی بات چیت
حیدرآباد ۔ 23 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ تلگودیشم کے قائدین نے اہم اجلاس طلب کرتے ہوئے ریونت ریڈی کو تلنگانہ تلگو دیشم ورکنگ پریسیڈنٹ کے عہدے سے برطرف کرنے کی سفارش کرتے ہوئے قرار داد منظور کی اور ملاقات کا موقع نہ دینے کا سربراہ تلگو دیشم پارٹی چندرا بابو نائیڈو سے مطالبہ کیا ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ بیرونی ممالک کے دورے پر رہنے والے سربراہ تلگو دیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو نے ٹیلی فون پر صدر تلنگانہ تلگو دیشم ایل رمنا سے بات چیت کی ہے ۔ ریونت ریڈی کے بارے میں میڈیا میں چلنے والی افواہوں کے تعلق سے وضاحت طلب کی ۔ ذرائع نے بتایا کہ ریونت ریڈی کی دہلی میں کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی سے ملاقات کرنے اور ان کے ساتھ تلنگانہ تلگو دیشم کے قائدین جو کانگریس میں شامل ہونے والے ہیں اس کی کانگریس ہائی کمان کو فہرست پیش کرنے کی افواہیں گشت کررہی ہیں ۔ جس کی ریونت ریڈی نے تردید نہیں کی ہے ۔ جس کی وجہ سے عوام میں غلط پیغام پہونچ رہا ہے ۔ 21 اکٹوبر کو تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی پیولیٹ بیورو ارکان اور سنٹرل کمیٹی کے ارکان کا مشترکہ اجلاس طلب کیا گیا تھا جس میں تمام قائدین نے میڈیا میں گشت ہونے والی افواہوں کی تردید کرنے کا مشورہ دیا تھا ۔ جس کو ریونت ریڈی نے یہ کہتے ہوئے انکار کردیا کہ وہ صرف پارٹی سربراہ چندرا بابو نائیڈو سے بات چیت کریں گے ۔ یہاں تک کہہ دیا کہ اتحاد کے مسئلہ پر کانگریس ہائی کمان سے مذاکرات کرنے میں برائی کیا ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو سے ٹیلی فون پر تبادلہ خیال کرنے کے بعد ایل رمنا نے تلنگانہ تلگو دیشم کے اہم قائدین کا ایک اور اجلاس طلب کیا جس میں ریونت ریڈی کو مدعو نہیں کیا گیا ۔ اس اجلاس میں تازہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ریونت ریڈی کو تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ عہدے سے برطرف کرنے کی چندرا بابو نائیڈو کو سفارش کرتے ہوئے ایک قرار داد منظور کی گئی اور ساتھ ہی چندرا بابو نائیڈو سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ بیرونی ممالک کے دورے سے لوٹنے کے بعد ریونت ریڈی کو ملاقات کے لیے وقت نہ دیں ۔ پہلے قرار داد ریونت ریڈی کو پارٹی سے معطل کرنے کی سفارش پر مشتمل تھی جس کو لمحہ آخر میں تبدیل کرتے ہوئے عہدے سے ہٹانے تک محدود کردیا گیا ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چیف منسٹر آندھرا پردیش کے فرزند و قومی جنرل سکریٹری تلگو دیشم پارٹی نارا لوکیش نے بھی اس مسئلہ پر تلنگانہ تلگو دیشم کے سینئیر قائدین سے تبادلہ خیال کیا ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT