Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / ریونت ریڈی کو تلگو دیشم کے دیگر قائدین کی پشت پناہی

ریونت ریڈی کو تلگو دیشم کے دیگر قائدین کی پشت پناہی

پارٹی تبدیل کرنے پر غور ، کانگریس ہائی کمان سے بھرپور طمانیت کی توقع

حیدرآباد۔ 19 اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ ریونت ریڈی کو پارٹی میں کئی قائدین کی جانب سے حوصلہ افزائی ہورہی ہے۔ 16 اضلاع کے تلگو دیشم پارٹی صدور اور گزشتہ اسمبلی انتخابات میں شکست سے دوچار ہونے والے تلگو دیشم قائدین بھی پارٹی تبدیل کرنے پر غور کررہے ہیں۔ کانگریس ہائی کمان سے بھرپور طمانیت حاصل ہوتی ہے تو کئی قائدین کانگریس میں شامل ہونے کیلئے تیار ہیں۔ ریونت ریڈی بہت جلد اپنے ہم خیال قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی تیار کریں گے۔ ریونت ریڈی نے کل آندھرائی تلگو دیشم قائدین کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے اپنے عزائم کا کھل کر اظہار کردیا جس سے تلگو دیشم حلقوں آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں ملاجلا ردعمل حاصل ہوا ہے۔ تاہم باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ تلنگانہ تلگو دیشم کے بیشتر قائدین ریونت ریڈی کے موقف کی تائید کررہے ہیں۔ تلنگانہ تلگو دیشم قائدین کی رائے ہے کہ سربراہ تلگو دیشم و چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو اپنی ساری توجہ آندھرا پردیش پر مرکوز کرچکے ہیں جس کی وجہ سے تلنگانہ سے منتخب ہونے والے تلگو دیشم ارکان اسمبلی کی اکثریت حکمراں ٹی آر ایس میں شامل ہوچکی ہے۔ مابقی قائدین دو حصوں میں بٹ چکے ہیں۔ ایک گروپ ٹی آر ایس یا بی جے پی سے اتحاد کرنے کے حق میں ہے تو دوسرا گروپ کانگریس سے اتحاد کرنے کے حق میں ہے۔ ریونت ریڈی حکمران ٹی آر ایس اور بے جان بی جے پی سے اتحاد کرنے کے خلاف ہے۔ ٹی آر ایس سے مقابلہ کرنے کیلئے کانگریس سے اتحاد کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں، لیکن انہیں چندرا بابو نائیڈو اور دیگر گروپ کی تائید حاصل نہیں ہے جس کی وجہ سے وہ اپنا علیحدہ راستہ چننا چاہتے ہیں۔ کانگریس قائدین، ریونت ریڈی سے رابطے میں ہیں۔ دہلی میں ریونت ریڈی نے پارٹی ہائی کمان کے چند اہم قائدین سے خفیہ ملاقات کرنے کی بھی اطلاعات ہیں۔ ریونت ریڈی نے اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے اور پارٹی میں اپنی حمایت کا اندازہ کرنے کیلئے کھل کر اپنے موقف کا اظہار کیا ہے۔ 31 کے منجملہ 16 اضلاع تلگو دیشم پارٹی کے صدور نے خفیہ طور پر ریونت ریڈی کی تائید کی ہے۔ 2014ء کے اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کرتے ہوئے شکست سے دوچار ہونے والے تلگو دیشم قائدین بھی ریونت ریڈی کے موقف کی تائید کررہے ہیں، بالخصوص اضلاع بھوپال پلی، سدی پیٹ، سنگاریڈی، کریم نگر، کھمم، نلگنڈہ، وقارآباد، میڑچل، سوریہ پیٹ اضلاع کے تلگو دیشم قائدین ریونت ریڈی کے نقش قدم پر چلنے کیلئے تیار ہورہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT