Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / ریونت ریڈی کی کانگریس میں شمولیت پر اعتراض نہ کیا جائے

ریونت ریڈی کی کانگریس میں شمولیت پر اعتراض نہ کیا جائے

پارٹی میں خیرمقدم، وی ہنمنت راؤ کی پریس کانفرنس

حیدرآباد ۔ 21 اکٹوبر (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے ریونت ریڈی کی کانگریس میں شمولیت پر اعتراض نہ کرنے کی پارٹی قائدین سے اپیل کی ہے۔ بوفورس کیس کا دوبارہ احیاء کیا گیا تو نریندر مودی اور امیت شاہ کے کیسوں کا بھی دوبارہ احیا کرنے کا مطالبہ کیا۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ برسوں سے تلگودیشم کے رکن اسمبلی اور ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ تلگودیشم پارٹی ریونت ریڈی کو کانگریس میں شامل ہونے کی اپیل کررہے ہیں۔ حالیہ دنوں میں یہ افواہیں گشت کررہی ہیں کہ ریونت ریڈی کانگریس میں شامل ہورہے ہیں۔ اگر یہ حقیقت ہے تو وہ اس کا خیرمقدم اور پارٹی کے تمام قائدین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھی ریونت ریڈی کی مخالفت نہ کریں بلکہ پارٹی میں ان کا خیرمقدم کریں۔ ہم سب کو چیف منسٹر تلنگانہ اور کے سی آر کے خلاف جدوجہد کرنے کیلئے پارٹی کے اصولوں سے متاثر ہوکر کانگریس میں شامل ہونے والوں کا احترام کرنا چاہئے ۔ہنمنت راؤ نے کہا کہ ملک بھر میں مودی۔ شاہ کا جادو ختم ہوچکا ہے۔ مرکزی حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ حکومت کی ناکامیوں سے عوامی توجہ ہٹانے کیلئے بوفورس کیس کا دوبارہ احیاء کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس میں آنجہانی راجیو گاندھی کو عدلیہ کی جانب سے کلین چٹ مل گئی ہے۔ اگر بی جے پی اس طرح کی غلطی کرتی ہے تو اس کو پچھتانا پڑے گا کیونکہ کانگریس کے قائدین اور راجیو گاندھی کے حامی مرکزی حکومت کے خلاف محاذ کھول دیں گے۔ وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ کے خلاف جو مقدمات ہیں اس کا دوبارہ احیا کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر احتجاج کرتے ہوئے مرکز پر دباؤ بڑھائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT