Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / ریونت ریڈی کے اسمبلی حلقہ کے تلگودیشم قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت

ریونت ریڈی کے اسمبلی حلقہ کے تلگودیشم قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت

ریاستی وزراء ای راجندر، لکشما ریڈی نے استقبال کیا
حیدرآباد۔/21اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے کارگذار صدر ریونت ریڈی کے اسمبلی حلقہ کوداڑ سے تعلق رکھنے والے تلگودیشم قائدین نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ ریاستی وزراء ای راجندر، ڈاکٹر لکشما ریڈی اور جوپلی کرشنا راؤ کی موجودگی میں تلگودیشم قائدین نے ٹی آر ایس میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ان قائدین نے مقامی رکن اسمبلی ریونت ریڈی کے رویہ پر ناراضگی جتائی اور کہا کہ وہ پارٹی کو مستحکم کرنے کے بجائے شخصی مفادات کیلئے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ کے عوام کی بھلائی کو نظرانداز کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے سیاسی مقصد براری کیلئے کانگریس میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ تلگودیشم قائدین نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ عوام کی بھلائی اور ریاست کی ترقی کیلئے اقدامات کررہے ہیں جس سے متاثر ہوکر انہوں نے ٹی آر ایس میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ تلگودیشم قائدین کا استقبال کرتے ہوئے ای راجندر نے کہا کہ تلگودیشم پارٹی نے تلنگانہ تحریک کے دوران علحدہ ریاست کے قیام کی مخالفت کی تھی اور ریونت ریڈی بھی مخالفین میں شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم پارٹی اور دیگر اپوزیشن جماعتیں ریاست کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کررہی ہیں۔ انہوں نے ریاست کی ترقی کے خواہشمند دیگر تلگودیشم قائدین سے اپیل کی کہ وہ ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلیں اور کہا کہ تلنگانہ سے تلگودیشم پارٹی کا صفایا ہوچکاہے اور عوام اس پارٹی کو مسترد کرچکے ہیں۔ ریاستی وزیر جے کرشنا راؤ نے کہا کہ عوام نے ٹی آر ایس کو آئندہ انتخابات میں دوبارہ برسراقتدار لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئندہ انتخابات میں کوڑنگل اسمبلی حلقہ میں ٹی آر ایس شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔ اسی دوران محبوب نگر کے ضلع تلگودیشم کے صدر اے شیکھر نے واضح کیا کہ وہ ریونت ریڈی کے ساتھ کانگریس میں شمولیت اختیار نہیں کریں گے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے شیکھر نے کہا کہ وہ تلگودیشم پارٹی میں برقرار رہیں گے اور کسی اور پارٹی میں شمولیت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ محبوب نگر ضلع میں ٹی آر ایس پارٹی کا موقف مستحکم ہے۔

TOPPOPULARRECENT