Sunday , April 22 2018
Home / شہر کی خبریں / ریونت ریڈی کے حلقہ اسمبلی کوڑنگل پر چیف منسٹر کی توجہ

ریونت ریڈی کے حلقہ اسمبلی کوڑنگل پر چیف منسٹر کی توجہ

ٹی آر ایس کو مضبوط بنانے کی مساعی ، مقامی عوامی نمائندوں سے ملاقات
حیدرآباد۔16 ۔ جنوری (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی ریونت ریڈی کے انتخابی حلقہ کوڑنگل میں ٹی آر ایس کو مضبوط کرنے کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے توجہ مرکوز کی ہے ۔ کانگریس سے تعلق رکھنے والے سابق رکن اسمبلی گروناتھ ریڈی نے مقامی عوامی نمائندوں کے ساتھ آج چیف منسٹر سے ملاقات کی ان کے ہمراہ ریاستی وزراء مہیندر ریڈی اور جوپلی کرشنا راؤ موجود تھے۔ ریونت ریڈی کی کانگریس میں شمولیت کے بعد ٹکٹ سے محرومی کے خطرہ کے تحت سابق رکن اسمبلی گروناتھ ریڈی ٹی آر ایس میں شمولیت کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے کوڑنگل کے مجالس مقامی کے نمائندوں کے ہمراہ چیف منسٹر سے ملاقات کی۔ انہوں نے کوسگی منڈل ہیڈکوارٹر میں بس ڈپو کی تعمیر، کوڑنگل میں فائر اسٹیشن کے قیام ، کوزگی منڈل میں پولیس سرکل آفس ، دولت آباد اور بومراس پیٹ منڈل ہیڈکوارٹرس پر گورنمنٹ جونیئر کالجس کے قیام کی نمائندگی کی گئی ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو مذکورہ نمائندگی پر فوری کارروائی کی ہدایت دی۔ توقع ہے کہ اس سلسلہ میں جلد ہی احکامات جاری کئے جائیں گے۔ رکن قانون ساز کونسل نریندر ریڈی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT