Monday , December 11 2017
Home / کھیل کی خبریں / ریکارڈتعاقب کے بعد سری لنکا 4 وکٹوں سے فاتح

ریکارڈتعاقب کے بعد سری لنکا 4 وکٹوں سے فاتح

گنارتنے کو مقابلے اور ہیراتھ کو سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ

کولمبو۔18جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) نروشن ڈکویلا (81) اور اسیلا گنارتنے (ناٹ آوٹ 80) کی بہترین نصف سنچریوں اور ان کے درمیان چھٹی وکٹ کے لئے 121 رنز کی شاندار شراکت کی بدولت سری لنکا نے زمبابوے کو واحد کرکٹ ٹسٹ میں پانچویں دن چار وکٹ سے شکست دے کر ون ڈے سیریز کی شکست کا انتقام لے لیا۔ زمبابوے نے سری لنکا سے پانچ میچوں کی ونڈے سیریز 3-2 سے جیت کر تاریخ رقم کی تھی اور اس نے واحد ٹسٹ میں بھی میزبان ٹیم کو سخت چیلنج دیا۔ زمبابوے نے سری لنکا کے سامنے388 رنز کا ہدف رکھا تھا اور سری لنکا نے تین وکٹ پر 170 رن سے آج آخری دن آگے کھیلتے ہوئے چھ وکٹ پر 391 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔یہ میچ ٹسٹ تاریخ میں ریکارڈکے لحاظ سے حیرت کن رہا۔ اس میچ میں چاروں اننگز میں300 سے لے کر400 تک کا اسکور بنا۔ ٹسٹ تاریخ میں اس طرح کی کامیابی کا یہ صرف تیسرا موقع ہے۔سری لنکا نے اپنی سر زمین پر سب سے بڑے ہدف کا کامیابی سے پیچھا کیا۔ٹسٹ تاریخ میں سب سے بڑے ہدف کا کامیابی سے تعاقب کرنے کا یہ پانچواں موقع ہے ۔اسیلا گنارتنے کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔ انہوں نے 151 گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 80 رنز بنائے ۔گنارتنے نے ساتویں وکٹ کی ناٹ آوٹ شراکت میں دلرووان پریرا (ناٹ آوٹ 29) کے ساتھ 67 رن جوڑے ۔ گنارتنے نے پہلی اننگز میں45 رنز بھی بنائے تھے ۔ انہوں نے اس کے علاوہ پہلی اننگز میں دو وکٹ بھی حاصل کئے ۔ سری لنکا نے ایک وقت اپنے پانچ وکٹ 203 رن پر گنوا دیئے تھے ۔ تب ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ زمبابوے ونڈے سیریز کی طرح واحد ٹسٹ میں بھی شاندار اور حیران کن کامیابی حاصل کر سکتا ہے لیکن ڈکویلا اور گنارتنے کی نصف سنچریوں نے زمبابوے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ ڈکویلا نے 118 گیندوں پر81 رنز میں چھ چوکے لگائے ۔پریرا نے76 گیندوں پر ناٹ آوٹ 29 رنز میں چار چوکے لگائے ۔ گریم کریمر نے150 رنز پر چار وکٹ لے کر میچ میں نو وکٹ پورے کئے ۔سین ولیمز کو 146 رن پر دو وکٹ ملے ۔اس واحد ٹسٹ میں کل 11 وکٹ لینے والے سری لنکا کے بائیں ہاتھ اسپنر رنگنا ہرات کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ ملا۔
ظہیرخان نہیں بھرت بولنگ کوچ
نئی دہلی 18 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) روی شاستری نے اپنا عہدہ سنبھالتے ہی پہلے معلنہ بولنگ کوچ ظہیر خان کے مقام پر اپنے پسند کے امیدوار بھرت ارون کو بولنگ کوچ مقرر کروادیا ہے جبکہ سنجے بانگر اسسٹنٹ کوچ مقرر کئے گئے ہیں۔ مذکورہ عہدیداروں کا ورلڈکپ 2019 ء تک معاہدہ طے پایا ہے۔ قبل ازیں بی سی سی آئی کی کرکٹ اڈوائزری کمیٹی نے روی شاستری کے ہمراہ ظہیر خان کو بولنگ کوچ اور راہول ڈراویڈ کو بیرونی دوروں پر بیاٹنگ مشیر کے عہدہ پر تقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ روی شاستری نے آج میڈیا کانفرنس بھی کی اور دورۂ سری لنکا کیلئے ہندوستانی ٹیم ان عہدیداروں کی سرپرستی میں روانہ ہوگی۔

TOPPOPULARRECENT