Thursday , November 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / زخمی کیشپ کا اولمپک خواب بکھر جانے کا اندیشہ!

زخمی کیشپ کا اولمپک خواب بکھر جانے کا اندیشہ!

نئی دہلی ، 5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کامن ویلتھ گیمز گولڈ جیتنے والے شٹلر پی کیشپ جو ہنوز گھٹنے کی اِنجری میں مبتلاہیں، اُن کا اولمپکس کیلئے کوالیفائی ہوپانے کے امکانات لگ بھگ ختم ہوچکے ہیں کیونکہ انھیں رواں ماہ کے ملائیشیا سوپر سیریز پریمیر اور سنگاپور اوپن سے دستبرداری پر مجبور ہونا پڑا ہے۔ انجری کے معاملے میں اپنے کریئر کے بدترین مرحلے سے دوچار کیشپ کو ملائیشیا اور سنگاپور میں مسابقت اور اولمپک کوالفکیشن کیلئے بروقت صحت یابی کی امید تھی لیکن اب یہ نہایت مشکل معلوم ہورہا ہے۔ کیشپ نے نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کو بتایا: ’’جاریہ ماہ میں کوئی بھی ٹورنمنٹ نہیں کھیل پاؤں گا۔ درحقیقت میری انجری شدید تھی۔ مجھے یوں محسوس ہوتا ہے کہ ابتدائی تشخیص درست نہ ہوئی۔ ابتداء میں مجھے بتایا گیا کہ دو ہفتوں میں ٹھیک ہوجاؤں گا، لیکن ایسا ہونے والا نہ تھا۔‘‘ موجودہ طور پر عالمی نمبر 17 رینک کے حامل کیشپ کو اولمپیائی شرکت کیلئے ٹاپ 16 میں جگہ پانا ضروری ہے مگر زخمی ہونے کے سبب مسابقتی کھیل سے اُن کی دوری انھیں اہم رینکنگ پوائنٹس سے محروم کئے جارہی ہے۔ ’’میں کسی کو بھی موردِ الزام نہیں ٹھہراؤں گا کیونکہ ہر کوئی چاہتا ہے کہ میں کھیلوں اور تیزی سے واپسی کروں۔ وہ مجھے فٹنس کے اعتبار سے اور ذہنی طور پر بھی بہت اچھا دیکھنا چاہتے ہیں۔‘‘ گزشتہ سال کیشپ انڈیا سوپر سیریز اور ملائیشیا سوپر سیریز پریمیر کے سکنڈ راؤنڈ میں ناکام ہوئے مگر سنگاپور میں سیمی فائنلز تک پہنچے تھے۔ حیدرآبادی شٹلر ساؤتھ ایشین گیمز سے بھی محروم رہے اور پھر رِیو گیمز کو ملحوظ رکھ کر جرمن اوپن کھیلے مگر کچھ راحت نہ ملی۔

TOPPOPULARRECENT